مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اتوار کو کوچ بہار ضلع میں اپنی انتخابی ریلی کے دوران پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے دی گئی دھمکی پر دانستہ خاموشی اختیار کی۔ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اگر بھارت مستقبل میں پاکستان کے خلاف کوئی فالس فلیگ آپریشن کرنے کی کوشش کرے گا تو پاکستان کولکاتا پر حملہ کر کے جواب دے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ “ایک پاکستانی وزیرکولکاتا کو نشانہ بنانے کی بات کیسے کرسکتا ہے؟ جب وزیر اعظم اتوار کو یہاں آئے تو انہوں نے اس پر کچھ کیوں نہیں کہا؟ وہ یہ کیوں نہیں کہہ سکے کہ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی؟ وہ خاموش کیوں رہے؟ پاکستان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
کس نے ان کے وزیر کو ایسی باتیں کہنے پر اکسایا؟ ہم اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر وہ کولکاتا پر حملے کی بات کریں گے تو ہم اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے۔”انہوں نے یہ بات پیر کو ضلع نادیہ میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کہی، جہاں اس ماہ کے آخر میں ہونے والے دو مرحلوں پر مشتمل اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔
اپنی تقریر میں ممتا بنرجی نے خبردار کیا کہ 4 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے دن ترنمول کانگریس کے کارکن ابتدائی اوقات میں پھیلنے والی افواہوں سے گمراہ نہ ہوں، جن میں یہ تاثر دیا جا سکتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی زیادہ نشستوں پر آگے ہے۔انہوں نے کہا:“صبح کے وقت وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کریں گے کہ ان کے امیدوار زیادہ تر حلقوں میں جیت رہے ہیں، لیکن آپ حوصلہ نہ ہاریں۔ آخر تک نتائج دیکھیں، ہم ہی جیتیں گے۔ گنتی مکمل ہونے تک مراکز نہ چھوڑیں۔”۔
اس موقع پر بارڈر سیکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل پر وین کمار بھی وزیر اعلیٰ کی تنقید کا نشانہ بنے۔انہوں نے کہا:“بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ خواتین کی بھی تلاشی لی جائے گی، یہ ہم ہونے نہیں دیں گے۔ پہلے ووٹ ڈالیں، اس کے بعد جو کرنا ہے کریں۔ اگر کسی الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں خرابی ہو تو اس کی مرمت کے بجائے اسے تبدیل کرنے کا مطالبہ کریں۔”
ممتا بنرجی نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں اور اگر کسی کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی کوشش کی جائے تو اس کے خلاف مزاحمت کریں۔وزیر اعلیٰ نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں ٹھوس شواہد ملے ہیں کہ اسمبلی انتخابات سے قبل دیگر ریاستوں سے مغربی بنگال میں پیسہ اور منشیات لائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا:“ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں، ہم مناسب وقت پر ویڈیوز جاری کریں گے۔