حیدرآباد کے جوبلی ہلزضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوارنوین یادو نےکامیابی درج کرائی۔ نوین یادو نے بی آر ایس امیدوار ماگنتی سنیتا کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔ ابتدائی راؤنڈ سے ہی حکمراں جماعت کانگریس کے امیدوار نوین یادو نے مسلسل اپنی برتری برقرار رکھی۔ نوین یادو تقریباً25 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے جیت درج کی ۔ کانگریس امیدوار کو مجلس کی تائید کےساتھ ہی کانگریس امیدوار کی جیت یقینی سمجھی جا رہی تھی۔
تیسری کوشش میں نوین یادو کو ملی کامیابی
اس کامیابی نے حلقے میں نہ صرف کانگریس کی پوزیشن کو مضبوط کیا بلکہ نوین یادو کی سیاسی ساکھ کو بھی نئی بلندی دی۔ وہ اس سے قبل اسی حلقے سے دو مرتبہ شکست کھاچکے تھے لیکن اس بار انہوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ عوام کا اعتماد ان کے ساتھ ہے۔ ووٹرز کے فیصلے نے جوبلی ہلز میں تبدیلی کی لہر واضح کردی اور کانگریس کا پرچم اس حلقے میں ایک بڑی اکثریت کے ساتھ لہرا دیا۔
عوام کانگریس حکمرانی سےمطمئن: ٹی پی سی سی صدر
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی )صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کا نتیجہ ظاہر کرتا ہے کہ عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ترقی اور فلاح کے پروگراموں کو مؤثر طریقے سے عوام تک پہنچایا، جس نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ضمنی انتخاب نے کانگریس کی دو سالہ حکمرانی کا عکس پیش کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹروں نے پارٹی کو اس لیے حمایت دی کیونکہ انہیں ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کے ٹھوس نتائج نظر آئے۔ ان کے مطابق عوامی ردعمل اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ حکومت کی کارکردگی کو وسیع پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
آئندہ انتخابات اور کانگریس کی پوزیشن مزید مضبوط
ٹی پی سی سی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں کانگریس 100 سیٹیں جیتے گی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پارٹی آئندہ آٹھ برس تک حکومت میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کا رجحان ثابت کرتا ہے کہ عوام مستحکم اور فعال حکمرانی کو ترجیح دیتے ہیں۔
جوبلی ہلز میں بی آر ایس کی اخلاقی جیت : سنیتا
بی آر ایس امیدوار مگنتی سنیتا گوپی ناتھ نے کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں دھاندلی اور بد عنوانی نے جیت حاصل کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس ہر جگہ دھاندلی کی وجہ سے جیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف کانگریس کی جیت نہیں ہے بلکہ بی آر ایس کی اخلاقی جیت ہے۔جوبلی ہلز ا نتائج کے مگنتی سنیتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جمہوریت میں انتخابات غیر جمہوری طریقے سے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دن بہت انارکی پیدا کی گئی۔ انھوں نے اپنے دکھ کا اظہار کیا کہ اتنے سارے لوگوں نے ایک عورت کے خلاف بدتمیزی کی۔ سنیتا نے کہا کہ ایسی صورتحال ماضی میں کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر اپنا غصہ ظاہر کیا کہ کانگریس نے ووٹنگ سے صبح سے ہی کاؤنٹنگ ہال میں خواتین پر ریگنگ شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے لوگوں کو دہشت زدہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گزشتہ انتخابات اور موجودہ انتخابات میں فرق محسوس کیا ہے۔ انہوں نے حمایت کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
کانگریس حلقوں میں جشن
جوبلی ہلز نے کانگریس امیدوار نوین یادوکی جیت کےساتھ ہی کانگریس حلقوں میں جشن کا ماحول دیکھا گیا ۔سال 2023 اسمبلی انتخابات کےبعد گریٹر حیدرآباد میں سکندرآباد کنٹونمنٹ کے بعد کانگریس کے دوسرے ایم ایل اے کامیاب ہوئے ہیں۔ دو مہینوں تک جاری رہنے والے ہائی ڈیسیبل الیکشن 11 نومبر 2025 کو ختم ہوئے اور حکمران جماعت کو جوبلی ہلز کے تمام 7 ڈویژنوں میں برتری حاصل رہی۔ نوین یادو کےمکان اور کانگریس کےدفتر گاندھی بھون میں جیت کا جشن منایا گیا گیا آتش بازی کی گئی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
جوبلی ہلزمیں بی جےپی کومایوسی
بہار اسمبلی انتخابات میں بی جےپی بھلے ہی جیت حاصل کر رہی ہے لیکن تلنگانہ کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کا مایوس کن مظاہرہ رہا ۔ بی جے پی امیدوارلنکا دیپک کو عوام نے پھر مسترد کر دیا۔ بی جے پی امیدوار تیسرے پوزیشن پر رہے۔ اپنی پوزیشن کو محسوس کرتے ہوئے دیپک گنتی مرکز سے چلے گئے۔ اس حلقہ سے58 امیدوا رانتخابی میدان میں تھے۔