Wednesday, February 11, 2026 | 23, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • پہلگام میں سال بھرسیاحت کے فروغ کی نئی کوشش

پہلگام میں سال بھرسیاحت کے فروغ کی نئی کوشش

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Feb 11, 2026 IST

پہلگام میں سال بھرسیاحت کے فروغ کی نئی کوشش
پہلگام کی دلکش وادی ارو، بدھ کے روز اس وقت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی جب یہاں شاندار اسنو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ برف سے ڈھکی پہاڑیاں، ٹھنڈی اور شفاف فضاء، اور قدرتی مناظر نے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں مقامی افراد، سیاحوں اور ایڈونچر کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں اور موسیقی کی محفلوں نے کشمیرکی روایتی خوبصورتی کو اجاگر کیا، جبکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے خصوصی اسکیئنگ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
 
  ادھرپہلگام کی وادیاں حالیہ برف باری کے بعد ایک بار پھرآباد ہوگئی۔ بیسرن حملے کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں سیاح اس خوبصورت وادی میں دیکھے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب برف گرتی ہے تو صرف پہاڑ سفید نہیں ہوتے، بلکہ یادیں بھی دھل جاتی ہیں۔ پہلگام وہ جگہ ہے جہاں فطرت ہر زخم پر خاموش مرہم رکھتی ہے۔ بیسرن کے سانحے کے بعد وادی کی سانسیں رک گئی تھیں، رستے سنسان اور خاموشی بھاری تھی۔ لیکن پہلگام ٹوٹا نہیں۔ رکا ضرور، مگر ہارا نہیں۔ آج برف کے ساتھ یہاں امید بھی برس رہی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں سے سیاح پہلگام کی جانب کھنچے چلے آ رہے ہیں۔ سیاحوں کی واپسی کے ساتھ دکانیں دوبارہ کھل رہی ہیں اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
 
ارو کے سی ای او ہلال نے اس موقع پر کہا کہ انتظامیہ کا مقصد پہلگام کے سرمائی مقامات جیسے ارو، بیٹاب ویلی، چندنواری اور دیگر علاقوں کو صرف گرمیوں تک محدود نہ رکھنا بلکہ انہیں سال بھر کے لیے پرکشش سیاحتی مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہاں موجود شاندار ڈھلوانیں اور دلکش مناظر اسکیئنگ کے لیے نہایت موزوں ہیں، اور مستقبل میں ارو کو ایک نمایاں سرمائی اور آل سیزن ڈیسٹینیشن بنانے کا منصوبہ ہے۔
 
فیسٹیول میں شریک سیاحوں نے بھی اپنے تجربات کو خوشگوار قرار دیا۔ ممبئی سے آئی سیاح سیما انصاری نے کہا کہ ارو ویلی کا موسم نہایت خوشگوار ہے اور کشمیر کی خوبصورتی بے مثال ہے۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے ہمل شاہ نے کہا کہ سردیوں میں کشمیر آنا ایک منفرد تجربہ ہے اور ہر سال یہاں کا رخ کرنا چاہیے۔
 
سیاحتی ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط بنائیں گے بلکہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک ہمہ موسمی سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے والوں کے لیے ارو ویلی سردیوں سمیت ہرموسم میں ایک بہترین انتخاب بن کر ابھر رہی ہے۔