Monday, May 11, 2026 | 23 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • نتیش رانے کا اسد الدین اویسی کے متعلق متنازع بیان ،وارث پٹھان کا سخت رد عمل

نتیش رانے کا اسد الدین اویسی کے متعلق متنازع بیان ،وارث پٹھان کا سخت رد عمل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 11, 2026 IST

نتیش رانے کا اسد الدین اویسی کے متعلق متنازع بیان ،وارث پٹھان  کا سخت رد عمل
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نتیش رانے نے ایک بار پھر متنازع بیان دیا ہے۔ اس بار انہوں نے حد پار کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمين (AIMIM) کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم  چیف اسد الدین اویسی کا موازنہ القاعدہ کے سربراہ اوساما بن لادن سے کرتے ہوئے کہا کہ اویسی اور اوساما میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اس بیان کے بعد بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم  کے سینئر لیڈر وارث پٹھان نے نتیش رانے کے متنازع بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔
 
نتیش رانے کا متنازع بیان؟
 
میڈیا سے بات کرتے ہوئے نتیش رانے نے کہا، "اے آئی ایم آئی ایم  ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ اوساما بن لادن اور اسد الدین اویسی کے درمیان رتی برابر بھی فرق نہیں ہے۔ جو کام اوساما بن لادن القاعدہ کے ذریعے کرتا تھا، بالکل وہی کام اب اسد الدین اوویسی اے آئی ایم آئی ایم  کے ذریعے کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اے آئی ایم آئی ایم  کے منشور میں صرف ایک ایجنڈا ہے اور وہ ہے 'جہاد' کرنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم نے PFI پر پابندی لگائی، اسی طرح اے آئی ایم آئی ایم  پر بھی پابندی لگائی جانی چاہیے۔
 
وارث پٹھان کا رد عمل:
 
نتیش رانے کے اس متنازع بیان پر اے آئی ایم آئی ایم  لیڈر وارث پٹھان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس سے ان کے خلاف کاروائی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، کیا ایک وزیر کو ایسی زبان استعمال کرنا شوبہ دیتا ہے؟ انہیں ایسی باتیں کہنے کا حق کس نے دیا ہے؟ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔
 
وارث پٹھان نے کہا کہ جب بھارت کی مرکزی حکومت اسد الدین اویسی کا اتنا احترام کرتی ہے کہ انہیں 'آپریشن سندور' پر بات چیت کے لیے ایک وفد کے رکن کے طور پر بیرون ملک بھیجتی ہے، تو پھر نتیش رانے کون ہوتے ہیں جو ایسی زبان استعمال کریں؟ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ ایسے وزیر کو معطل کر دیں۔