دہلی اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ واضح طور پر بی جے پی کو اکثریت مل رہی ہے۔ ایسے میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپوزیشن انڈیا بلاک کے اراکین کانگریس اور عام آدمی پارٹی پر سخت تنقید کی ہے۔عمر عبداللہ جو نیشنل کانفرنس کے ایک سینئر لیڈر ہیں اور انڈیا بلاک کا حصہ بھی ہیں۔
عمر عبداللہ نے دہلی انتخابات کے حوالے سے ایک مشہور میم شیئر کیا ہے۔ اس میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے۔ "جی بھر کر لڑو۔ ختم کر دو ایک دوسرے کو!" انہوں نے اس پوسٹ کا کیپشن بھی دیا، "اور لڑو آپس میں!عمر عبداللہ کا یہ پوسٹ ایک ایسے وقت میں آیا جب بی جے پی نے 70 رکنی دہلی اسمبلی میں اکثر سیٹوں پر برتری حاصل کر رہی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس انڈیا بلاک کے ممبر ہیں۔ لیکن دہلی میں انتخابات کے دوران دونوں نے ایک دوسرے پر کئی الزامات لگائے۔ اب بی جے پی نے انتخابات میں برتری حاصل کر لی ہے۔ ایسے میں عمر عبداللہ نے تیکھا حملہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل خود انڈیا بلاک کے وجود پر سوال اٹھایا تھا۔ ادھر الیکشن کمیشن کے ابتدائی رجحانات کے مطابق دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بی جے پی نے اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔
دہلی میں بی جے پی 48سیٹوں پر آگے ہے، جب کہ عآپ 22 سیٹوں پر آگے ہے۔ دہلی میں حکومت بنانے کے لیے اکثریتی تعداد 36 ہے۔عآپ مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کا ارادہ رکھ رہی تھی، جب کہ بی جے پی دو دہائیوں سے زیادہ کے بعد قومی دارالحکومت میں اقتدار میں واپسی کر رہی ہے۔تاہم بدھ کے روز جاری ہونے والے بیشتر ایگزٹ پولز میں بھی بی جے پی کو عآپ پر برتری ملی تھی۔