Saturday, March 07, 2026 | 17 رمضان 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • اگرجنگ جاری رہی تو بھارت کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے:اویسی

اگرجنگ جاری رہی تو بھارت کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے:اویسی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Mar 07, 2026 IST

اگرجنگ جاری رہی تو بھارت کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے:اویسی
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم )کے صدر بیرسٹراسد الدین اویسی نے  وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطی میں جنگ کو روکنے کے لئے مداخلت کریں، اور کہا کہ ہندوستان کو مزید کسی بھی کشیدگی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ اگر تنازعہ بڑھتا ہے تو اس سے خلیجی ممالک میں ملازمت کرنے والے ایک کروڑ ہندوستانی شہری متاثر ہوں گے۔

 جنگ کے نتائج بھارت کو بھگتنے پڑیں گے

اویسی نے  حیدرآباد کے علاقہ تلاب کٹہ کی  مسجد قبا میں جلسہ یوم القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "وزیر اعظم، کچھ بولیں اور اس تنازعہ کو روکیں۔ امریکہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، لیکن اس کے نتائج بھارت کو بھگتنا پڑے گا۔" انہوں نے کہا۔"یاد رکھیں، ایک کروڑ سے زیادہ ہندوستانی شہری خلیجی ممالک میں کام کرتے ہیں، اگر یہ جنگ بڑھی تو نوکریاں ختم ہو جائیں گی،"۔
 صدر مجلس  نے کہا کہ امریکہ کے بعد ہندوستان اپنا زیادہ تر زرمبادلہ ان ممالک سے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید بڑھوتری کے نتیجے میں ہندوستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہوسکتا ہے، کیونکہ بہت سے ہندوستانی اپنی ملازمتیں کھو سکتے ہیں۔اویسی نے کہا کہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے لوگ خوفزدہ اور پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین سے بچوں نے انہیں فون کیا، اور وہ خوفزدہ تھے۔

 ایران پر فوری  حملے بند کرنے کا مطالبہ

ایران پر اسرائیل اور امریکہ  کے حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام متحد نہ ہوئے تو کل انقرہ اور استنبول، دبئی اور ابوظہبی اور کویت جیسے شہر بھی غزہ کی طرح تباہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ "اسرائیل نہیں رکے گا۔ وہ گریٹر اسرائیل قائم کرنا چاہتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ نصف سے زیادہ عرب ممالک کو کنٹرول کرنا،"

 تیل خرید ی پر روس کا بیان:مودی حکومت خاموش کیوں ؟

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے امریکہ کی طرف سے ہندوستان کو ایک ماہ تک روس سے تیل خریدنے کی اجازت دینے کے بیان پر مودی حکومت کی خاموشی پر تنقید کی۔"وہ کون ہوتے ہیں جو ہمیں صرف ایک ماہ کے لیے تیل خریدنے کو کہتے ہیں؟ کیا آپ نے انڈیا کو امریکہ کے پاس گروی رکھا ہوا ہے؟" انہوں نے امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ ہندوستان صرف ایک ماہ کے لیے روس سے تیل خرید سکتا ہے۔

اگر بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہندوستان سے محبت ہے تو یہ کرے

اویسی نے کہا، "کیا یہ ہمارے ملک کی خودمختاری اور سالمیت ہے؟ ایک امریکی وزیر 1.3 بلین لوگوں کی قوم کو کیسے کہہ سکتا ہے کہ وہ صرف ایک ماہ کے لیے تیل خرید سکتا ہے؟  اویسی نے کہا۔اگر بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہندوستان سے پیار ہے، تو انہیں اس کی سختی سے مخالفت کرنی چاہئے اور یہ کہنا چاہئے کہ ہندوستان جس سے چاہے تیل خریدے گا،"۔

 بی جےپی والے  بھارت کےاصل خطرہ کو سمجھیں

 حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ  نے بی جے پی لیڈروں سے پوچھا کہ وہ کب تک مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلاتے رہیں گے اور ان سے کہا کہ یہ سمجھیں کہ ملک کو اصل خطرہ کون ہے۔ انہوں نے کہا۔"اسے سمجھیں، ورنہ آپ کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ آفات آ رہی ہیں، اور آپ امریکہ کو اپنا دوست سمجھ رہے ہیں۔ لیکن ایک بار جب یہ جنگ ختم ہو جائے گی، آپ دیکھیں گے اور سمجھیں گے کہ سب سے زیادہ فائدہ ہتھیار بنانے والے اداروں کو ہوتا ہے،"