Friday, May 22, 2026 | 04 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • وزیر اعظم مودی کی آج کابینہ میٹنگ ،تمام وزراء کو دہلی میں رہنے کا حکم

وزیر اعظم مودی کی آج کابینہ میٹنگ ،تمام وزراء کو دہلی میں رہنے کا حکم

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 21, 2026 IST

وزیر اعظم مودی کی آج  کابینہ میٹنگ ،تمام وزراء کو دہلی میں رہنے کا حکم
مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی تیل کے بحران کے پیش نظر، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی شام کابینہ کے وزراء کا ایک انتہائی اہم اور ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس شام 5 بجے 'بھارت منڈپم' یا 'سیوا تیرتھ' (وزیر اعظم کے دفتر) میں ہونے کا امکان ہے، جس میں تمام مرکزی وزراء، آزادانہ چارج والے وزرائے مملکت اور دیگر وزرائے مملکت شرکت کریں گے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، تمام مرکزی وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس دوران دارالحکومت نئی دہلی میں ہی موجود رہیں۔
 
توانائی کے بحران پر غور اور کابینہ میں ردوبدل کے امکانات:
 
وزیر اعظم مودی آج ہی اپنے 5 روزہ غیر ملکی دورے سے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ ان کی واپسی کے فوراً بعد ہونے والے اس اجلاس میں بنیادی طور پر توانائی کے بحران اور بھارت کی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔
 
توقع ہے کہ یہ میٹنگ 4 سے 5 گھنٹے تک جاری رہے گی۔ گزشتہ 11 ماہ کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ پوری کابینہ کا ایک ساتھ اتنا بڑا اجلاس بلایا گیا ہے۔اس اجلاس میں حکومت کی اہم ترین اسکیموں کے نفاذ اور ان کی اب تک کی ترقی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ 10 جون کو مودی حکومت کے تیسرے دورِ اقتدار کی پہلی سالگرہ بھی ہے، جس سے قبل کابینہ میں ممکنہ ردوبدل (وزارتوں میں تبدیلی) کی افواہیں بھی گرم ہیں۔
 
بحران پر نظر رکھنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل:
 
وزیر اعظم مودی نے مشرقِ وسطیٰ کی نازک صورتحال اور تیل کی سپلائی پر نظر رکھنے کے لیے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں وزراء کا ایک اعلیٰ سطحی غیر رسمی گروپ (کمیٹی) تشکیل دیا ہے۔ جن میں 'وزیر داخلہ امت شاہ،وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور وزیر پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری شامل ہیں۔
 
خیال رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں ایک بیان میں عوام کو یقین دلایا تھا کہ مرکزی حکومت صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے اور فی الحال بھارت میں توانائی یا تیل کی سپلائی کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ تاہم، عالمی سطح پر خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت مستقبل کی حکمتِ عملی پہلے سے تیار رکھنا چاہتی ہے۔