آسام اسمبلی انتخابات سے چند دن پہلے اپوزیشن جماعت کانگریس نے ریاست کے وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر ہمنتا بسوا سرما پراب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان پون کھیرا نے الزام لگایا ہے کہ ہیمنتا بسوا سرما کی اہلیہ رنیکی بھوئیاں سرما کے پاس تین ممالک کے پاسپورٹ ہیں۔ جس میں دو پاسپورٹ مسلم ممالک کےہیں اور امریکہ کے ٹیکس ہیون وایومنگ میں ان کے نام پر ہوٹل کاروبار شروع کرنے کے لیے ایک کمپنی میں 52,000 کروڑ روپے (ڈالر میں) جمع کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آسام میں سیاست گرم ہو گئی ہے۔
انتخابات کیلئےنا اہل قرار دینےاور گرفتار کرنے کی مانگ
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے مطالبہ کیا کہ شرما کو 9 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دیا جائے اور انکی اہلیہ کے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے لیے انہیں ’گرفتار ‘کیا جائے۔کھیڑا نے کہا،’سرما سے یہ بھی پوچھا جانا چاہیے کہ خاندان کے پاس اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی؟ ‘
ہمنتاسرما اور اہلیہ نےکہا: الزامات بے بنیاد،اورسیاسی محرکات پرمبنی
اس کے بعد سرما نے ایکس پر ایک طویل بیان جاری کرتے ہوئے اس پریس کانفرنس کو’کانگریس پارٹی کے اندر گہری مایوسی اور گھبراہٹ ‘ کی علامت قرار دیا۔انہوں نے الزامات کو ’بے بنیاد‘، ’متعصب‘، ’من گھڑت‘ اور ’سیاسی طور پر محرک‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ’میں اور میری اہلیہ اگلے 48 گھنٹوں کے اندر پون کھیڑا کے خلاف فوجداری اور دیوانی ہتک عزت کے مقدمے درج کریں گے۔ ان کے غیر ذمہ دارانہ اور ہتک آمیز بیانات کے لیے انہیں پوری طرح جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پاکستانی سوشل میڈیا گروپ سے حاصل شدہ پاسپورٹ اور دستاویزات میں رد و بدل کر کے ان میں ان کی بیوی رِنیکی بھوئیاں شرما کی تفصیلات شامل کر دیں، لیکن کچھ غلطیاں چھوڑ دیں جس سے حقیقت سامنے آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ نمبر کو گوگل پر سادہ "ریورس سرچ" کرنے سے کئی تضادات سامنے آئے۔‘بی جے پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے ان کی بیوی کے خلاف جو دستاویزات استعمال کیے، وہ "پاکستانیز اِن عجمان" نامی ایک سوشل میڈیا گروپ سے لیے گئے تھے، اور ان کی تصویر کو کسی پاکستانی شخص کے گمشدہ پاسپورٹ پر چھیڑ چھاڑ کر کے لگایا گیا تھا۔ شرما نے کہا، "یہ الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، من گھڑت دستاویزات پر مبنی ہیں اور ریاست میں انتخابی ماحول خراب کرنے کے بدنیتی پر مبنی ہیں۔
پون کھیڑا کےخلاف شکایت درج
انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی نے کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، اور انہیں یقین ہے کہ پولیس مقدمہ درج کر کے ضروری قانونی کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے ایسے الزامات لگانا نتائج کو متاثر کرنے کی کوشش ہے، جو ایک جرم ہے۔
یو اےسی کے پاسپورٹ پر وضاحت
متحدہ عرب امارات کے سفری دستاویز سے متعلق دعووں پر شرما نے کہا، "یو اے ای 'گولڈن ویزا' جاری کرتا ہے، جو پاسپورٹ نہیں ہوتا۔ یہ ملک کسی غیر شہری کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔" "گولڈن ویزا" 10 سالہ طویل مدتی رہائشی اسکیم ہے، جو سرمایہ کاروں، ماہرین اور طلبہ کو بغیر اسپانسر کے یو اے ای میں رہنے اور کام کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ شرما نے مزید کہا کہ شناختی نمبر میں بھی تضاد تھا، جہاں تاریخِ پیدائش 1973 ہونی چاہیے تھی، لیکن 1996 لکھی گئی۔
مصری پاسپورٹ پربیان
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ویزا نمبر دراصل مصر کے شہری اشرف عبدالقادر حسین کا ہے، جس کا پاسپورٹ گم ہو گیا تھا اور اس کی معلومات پاکستانی گروپ میں شیئر کی گئی تھیں۔ مصر کے پاسپورٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اوپر درج نمبر اور مشین ریڈیبل زون (MRZ) میں درج نمبر آپس میں میل نہیں کھاتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پاسپورٹ مصر کی ایک خاتون نہاد ابراہیم النجار کا ہے، جس میں انگریزی معلومات میں تبدیلی کی گئی، لیکن عربی تفصیل ویسی ہی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ میں جائے پیدائش ہمیشہ شہر کے نام سے لکھی جاتی ہے، لیکن اس مبینہ جعلی پاسپورٹ میں "انڈین" لکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تصویر میں چہرے کے خدوخال بھی ان کی بیوی سے میل نہیں کھاتے۔ انٹیگوا و باربودا کے پاسپورٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس میں "PA" اور "PPA" کے درمیان تضاد ہے، جو واضح ٹائپنگ غلطی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس نے "رنیکی بھوئیاں" کے نام سے ایک فرضی کمپنی کے دستاویزات شیئر کیے، جن کی تاریخ 5 دسمبر 2025 دکھائی گئی، حالانکہ یہ کمپنی بعد میں بنائی گئی۔
فرضی کمپنیوں کےالزام پر کیا کہا
فرضی کمپنیوں کے الزام پر شرما نے کہا کہ "اسی طرح کا طریقہ سینٹ کٹس معاملے میں بھی اپنایا گیا تھا، لیکن اب وہ دور گزر چکا ہے۔ کسی بھی جعلسازی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔" سینٹ کٹس معاملہ ایک سازش تھی، جس میں سابق وزیر اعظم وی پی سنگھ کو پھنسانے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کیے گئے تھے۔
پون کھیڑا کے الزامات
کھیڑا نےہمنتا بسوا سرما کی اہلیہ کے مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات، مصر اور اینٹیگوا و باربوڈا کے جاری کردہ پاسپورٹس کی کاپیاں دکھائیں۔ ان پاسپورٹس پر بالترتیب 2027، 2029 اور 2031 تک کی میعاد درج تھی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے سوال ؟
کھیڑا نے سوال کیا، ’کیا وہ ہندوستانی شہریت بھی رکھتی ہیں؟ کیا وزیر داخلہ امت شاہ، جوسرما کے بے حدقریبی ہیں، اس معاملے کی جانچ کروائیں گے؟‘
ہمنتا بسوا سرما کی اہلیہ ہندوستانی نہیں
انہوں نے کہا کہ سرما اکثر کہتے رہے ہیں کہ ریاستی کانگریس صدر گورو گگوئی کی اہلیہ ہندوستانی شہری نہیں ہیں۔ ’اب میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں، کیا آپ کی اہلیہ ہندوستانی شہری ہیں؟ ایک موجودہ وزیر اعلیٰ کی اہلیہ ہندوستانی شہری نہ ہو، یہ تشویش کا باعث ہے۔‘
3 پاسپورٹ رکھنے پر سزا کیوں نہیں؟
کھیڑا نے کہا،’سرما مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ نفرت پھیلاتے رہتے ہیں، اور ان کی اہلیہ کے پاس دو اسلامی ممالک کے پاسپورٹ ہیں۔ ہم نے آپ کو دستاویز دکھائے ہیں، اب امت شاہ کو بتانا چاہیے کہ یہ پاسپورٹ اصلی ہیں یا نہیں۔ وہ ایک ساتھ تین پاسپورٹ کیسے رکھ رہی ہیں۔ اور سب کی میعاد ابھی جاری ہے۔‘
دو پین کارڈ رکھنے پر 7سال سزا
اترپردیش کےسابق وزیر، اور ایس پی لیڈر اعظم خان اور ان کےبیٹے پر دو پین کارڈ رکھنے پر7 سال کی جیل ہوئی ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہےکہ کیا کانگریس کےالزامات کی حکومت جانچ کرےگی۔ اگر الزامات ثابت ہونے پر رنیکی بھوئیاں سرما جیل جائیں گیں۔اور کیا ہمنتا بسوا سرما کو الیکشن لڑنے کےلئے نا اہل قرار دیا جائےگا؟