Monday, May 11, 2026 | 23 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • وزیر اعظم مودی کی پیٹرول، ڈیزل کے محتاط استعمال کی ہدایت، سونا نہ خریدنے کی بھی اپیل

وزیر اعظم مودی کی پیٹرول، ڈیزل کے محتاط استعمال کی ہدایت، سونا نہ خریدنے کی بھی اپیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 11, 2026 IST

وزیر اعظم مودی کی پیٹرول، ڈیزل کے محتاط استعمال کی ہدایت، سونا نہ خریدنے کی بھی اپیل
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے 'آبنائے ہرمز'کے بند ہونے سے ایندھن کی عالمی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس بحران کے پیشِ نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز عوام سے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کا انتہائی احتیاط اور کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
 
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے سے غیر ملکی زرِ مبادلہ (Foreign Exchange) کی بچت ہوگی، جس سے بھارتی معیشت پر جنگ کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
 
عالمی بحران اور بھارت پر اثرات:
 
وزیر اعظم مودی نے تلنگانہ میں 9,377 کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر حیدرآباد میں کہا، "پچھلے 2 ماہ سے ہمارے پڑوس میں اتنی بڑی جنگ جاری ہے۔ اس کا اثر پوری دنیا پر پڑا ہے اور بھارت پر تو اس کا اثر اور بھی سنگین ہوا ہے۔" انہوں نے کہا، "جنگ کی وجہ سے پوری دنیا میں پٹرول، ڈیزل، گیس اور کھاد کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں۔ یہاں تک کہ ان کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔"
 
وزیر اعظم مودی نے اعتدال سے استعمال کی اپیل کی:
 
وزیر اعظم مودی نے کہا، "بھارت کے پاس بڑے بڑے تیل کے کنویں نہیں ہیں۔ ہمیں اپنی ضرورت کا پٹرول-ڈیزل، گیس، یہ سب بڑی مقدار میں دنیا کے دوسرے ممالک سے منگوانا پڑتا ہے۔ آج جو بحران ہے اس میں ہمیں غیر ملکی زر مبادلہ بچانے پر بھی بہت زور دینا ہوگا، کیونکہ دنیا میں پٹرول-ڈیزل مہنگا ہو گیا ہے۔" انہوں نے کہا، "ہم سب کا فرض ہے کہ پٹرول-ڈیزل اور گیس کا اعتدال سے استعمال کریں اور غیر ملکی زر مبادلہ بچانے میں حکومت کا تعاون کریں۔"
 
وزیر اعظم مودی نے گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا:
 
وزیر اعظم مودی نے کہا، "ہم نے کرونا وائرس کی وباء کے وقت ورک فرام ہوم یعنی گھر سے کام کیا تھا۔ آن لائن میٹنگز کیں، ویڈیو کانفرنس کیں،ایسی متعدد انتظامات تیار کیے اور ہمیں ان کی عادت بھی ہو گئی تھی۔ آج وقت کی ضرورت ایسی ہے کہ ان انتظامات کو ہم دوبارہ شروع کریں، تو وہ ملک کے مفاد میں ہوگا اور انہیں ہمیں دوبارہ ترجیح دینی ہے۔انہوں نے کہا، بھارت آج اصلاحاتی ایکسپریس پر سوار ہے۔
 
ایک سال تک سونا نہ خریدنے کی اپیل:
 
وزیر اعظم مودی نے کہا، پہلے جب بھی ملک پر جنگ یا قومی بحران آیا تو لوگ ملک کے مفاد میں اپنا سونا تک حکومت کو عطیہ کر دیتے تھے۔ آج حکومت کو آپ کے سونے کے عطیہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے، لیکن ملک کے مفاد میں لوگوں کو کم از کم ایک سال تک سونا اور زیورات خریدنے سے ضرور بچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ہمیں طے کرنا ہوگا کہ گھر میں کوئی بھی پروگرام ہو، ہم ایک سال تک سونے کے زیورات نہیں خریدیں گے۔
 
وزیر اعظم مودی نے یہ اپیل بھی کی:
 
اس دوران وزیر اعظم مودی نے کھیتی میں حکومت کی طرف سے دی جانے والی سستی کھاد کے استعمال، کھانے کے تیل کا بھی کم استعمال، زیادہ سے زیادہ میٹرو اور عوامی نقل و حمل کا استعمال، ریلوے کے ذریعے سامان بھیجنے اور الیکٹرک گاڑیوں کے زیادہ استعمال کی بھی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر خاندان اپنے کھانے میں کھانے کے تیل کا استعمال تھوڑا کم کر دے تو اس سے بھی غیر ملکی زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔
 
پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اندیشہ:
 
اس سے قبل انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ انڈین آئل، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم جیسی سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیاں (OMCs) پٹرول، ڈیزل اور کھانا پکانے کی گیس کی فروخت پر ماہانہ تقریباً 30,000 کروڑ روپے کا نقصان اٹھا رہی تھیں۔ اس کی وجہ خوردہ قیمت اور درآمداتی قیمت کے درمیان فرق ہے۔ اس صورتحال سے اشارہ مل رہا ہے کہ حکومت جلد ہی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔