وزیر اعظم نریندر مودی آج کولکتہ میں ایسٹرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں مسلح افواج کے کمانڈروں کی تین روزہ مشترکہ کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ادارہ جاتی اصلاحات، گہرے انضمام اور تکنیکی جدید کاری کے تئیں مسلح افواج کے عزم کو ظاہر کرنا اور ملٹی ڈومین آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھنا ہے۔اس سے پہلے وزیر اعظم اتوار کی شام آسام کے جورہاٹ سے کولکاتہ پہنچے۔ انہوں نے راج بھون میں رات گزاری۔ وزیر اعظم کے دورے سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں وزیر اعظم کا کولکتہ کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی آج ہندوستانی فوج کے ایسٹرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر وجے درگ میں کانفرنس کا افتتاح کریں گے اور دوپہر کو بہار کے پورنیا کیلئے روانہ ہوں گے۔ وجے درگ کو پہلے فورٹ ولیم کہا جاتا تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ کولکتہ میں یہ کانفرنس مئی میں آپریشن سندور کے بعد منعقد کی جارہی ہے۔ اس تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
راہول گاندھی کا آج ایک روزہ دورہ پنجاب:
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی آج پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ وہ امرتسر اور گرداسپور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔ راہول گاندھی سیلاب سے دھان کی فصل کو ہونے والے نقصان کا جائزہ بھی لیں گے۔ راہول گاندھی صبح تقریباً 9.30 بجے سری گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے اور یہاں سے سیدھے اجنالہ گاؤں رامداس جائیں گے اور لوگوں سے ملاقات کریں گے۔
اس کے بعد کانگریس لیڈر گرداسپور جائیں گے اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اس کے علاوہ راہول گاندھی کسانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ راہول گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے پنجاب سمیت ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر میں سیلاب پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ بحران کی اس گھڑی میں لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے لکھا کہ ان تمام متاثرہ علاقوں کیلئے ریلیف پیکج جاری کیا جائے اور لوگوں کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔