آج راجیہ سبھا سے کئی ممبران ریٹائر ہو رہے ہیں اور ان کی خالی نشستوں پر متعدد ارکان بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے ریٹائر ہونے والے ارکان کے پارلیمانی کیرئیر اور میعاد پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سبکدوش ہونے والے ارکان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنی الوداعی تقریر میں پی ایم مودی نے کہا کہ ایوان ایک کھلی یونیورسٹی کی طرح ہے اور نئے ممبران پارلیمنٹ کو ہمیشہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں کئی موضوعات پر بحث ہوتی ہے اور ہر رکن اپنا حصہ ڈالتا ہے، اور تلخ و شیریں تجربات سب کے لیے قیمتی ہوتے ہیں۔ پی ایم مودی نے یہ بھی کہا کہ کچھ ارکان پارلیمنٹ میں واپس آسکتے ہیں، جبکہ دیگر سماجی زندگی میں اپنے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
دریں اثنا، این سی پی کے سربراہ اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ شرد پوار بھی راجیہ سبھا میں نظر آئیں گے۔ کانگریس کے قومی صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ شرد پوار ایک قومی لیڈر ہیں اور ان کی واپسی ایوان کی رہنمائی کے لیے خوش آئند ہے۔ کھرگے نے پوار کے تجربے کو ملک کے لیے قیمتی قرار دیا اور کہا کہ ایسے تجربہ کار ارکان کی موجودگی پارلیمانی بحث کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے ایوان سے وداع ہونے والے تمام ارکان کو مبارکباد دی اور ان کے بہتر مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔