کانگریس نے گجرات میں آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرلی ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹی آج سے دس روزہ تربیتی کیمپ شروع کرنے جاری ہے۔ اس سے قبل بھی پارٹی تین روزہ تربیتی کیمپ منعقد کرچکی ہے۔ آج سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں پارٹی کے اہم لیڈ راور لوک سبھا میں اپوزیشن قائد راہول گاندھی بھی شرکت کریں گے۔اس دوران کانگریس کے ایک سیئنر لیڈر نے کہاکہ ہم سب کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ راہول گاندھی آج سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے گجرات میں نئی توانائی کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع صدور اور پوری ریاستی کانگریس ٹیم اپنے مشن کے ایک حصے کے طور پر پارٹی کے مسائل کو عوام تک کامیابی سے لے کر جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہماری قیادت کے تعاون اور رہنمائی کے ساتھ ہم سب نئے چیلنجوں کا سامنا کریں گے اور اپنے کاموں کو پورا کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ کے اندر دو مختصر دورے راہل کی گجرات پر توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ آنے والے مہینوں میں، کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گجرات کے تمام 182 اسمبلی حلقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس طرح کے دوروں کے دوران، راہول گاندھی متعلقہ ضلعی یونٹ کے سربراہوں کے ساتھ مقامی مسائل اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے اور نئے نظام میں مقامی ضلعی سربراہوں کی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے ان کے گھروں پر بھی رات گزار سکتے ہیں۔
2022 کے گجرات اسمبلی انتخابات میں، کانگریس نے صرف 17 سیٹیں جیتیں، اور کانگریس کا ووٹ حصہ 40 فیصد سے کم ہو کر 28 فیصد رہ گیا۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کانگریس پارٹی کو ایک اہم دھچکا پہنچایا۔ AAP نے 2022 میں پانچ سیٹیں اور 13 فیصد ووٹ شیئر حاصل کیا۔ بی جے پی نے 156 سیٹیں جیت کر اور 52 فیصد ووٹ شیئر کرتے ہوئے اب تک کی اپنی بہترین کارکردگی حاصل کی۔