راجستھان کے جے پور سے ایک افسوس ناک خبر سامنے آرہی ہے۔یہاں مزدوروں سے بھری سلیپر بس ہائی ٹینشن تار سے ٹکرا گئی، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ حادثہ جے پور سے 50 کلومیٹر دور دیہی علاقے منوہر پور میں پیش آيا ہے۔ واقعے میں 10 افراد جھلس گئے، جبکہ 2 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ معلومات کے مطابق بس میں گیس سلنڈر بھی رکھا ہوا تھا۔ اس حادثہ میں تقریباً 5 افراد جو زخمی ہیں، جنکی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مزدوروں سے بھری بس اتر پردیش کے بریلی سے منوہر پور آئی تھی۔ مزدوروں کو ٹوڑی واقع اینٹ بھٹے پر اتارا جانا تھا۔ تبھی راستے میں بس کے اوپر سے گزر رہی 11,000 وولٹ کی لائن ٹوٹ کر بس پر گر گئی، جس سے بس میں کرنٹ پھیل گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے بعد کچھ مسافر بس سے چھلانگ لگا کر نکل گئے، جبکہ کچھ کرنٹ لگنے سے پھنس گئے۔
اطلاع ملتے ہی منوہر پور پولیس اور انتظامی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، اور زخمیوں کو شاہ پورہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال لے جایا گیا۔ شدید جھلسنے والے پانچ مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ ٹیم نے آگ پر قابو کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے تشویش کا اظہار کیا:
راجستھان میں بس حادثوں کے حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، جے پور کے منوہر پور میں مزدوروں سے بھری بس کے ہائی ٹینشن لائن چھونے سے آگ لگنے سے 2 افراد کی موت اور کئی دیگر کے زخمی ہے۔ راجستھان میں جس طرح حادثے ہو رہے ہیں اور عام لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں، یہ تشویش ناک ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔
جیسلمیر میں 27 مسافروں کی موت ہوئی تھی:
راجستھان کے جیسلمیر میں 14 اکتوبر کو ایک اے سی سلیپر بس میں آگ لگ گئی تھی، جس کی زد میں آ کر 27 مسافر زندہ جل گئے تھے۔ حادثہ جیسلمیر۔جوتھ پور قومی شاہراہ پر ہوا تھا۔ اس کے بعد 24 اکتوبر کو آندھرا پردیش کے کرنول میں بائیک سے ٹکرانے کے بعد اے سی بس میں آگ لگ گئی تھی، جس میں 20 مسافروں کی موت ہوئی تھی۔ دونوں واقعات نے اے سی بس میں سفر کے حوالے سے مسافروں کی تشویش بڑھا دی ہے۔