Wednesday, May 14, 2025 | 16, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں وکشمیر :عازمین حج کا دوسرا قافلہ ہوا روانہ،ہند-پاک کشیدگی کے باعث روک دی گئی تھی پروازیں

جموں وکشمیر :عازمین حج کا دوسرا قافلہ ہوا روانہ،ہند-پاک کشیدگی کے باعث روک دی گئی تھی پروازیں

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 14, 2025 IST     

image
جموں وکشمیر کے سری نگر سے آج عازمین حج کا دوسرا قافلہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے سری نگر سے عازمین حج کی روانگی میں تاخیر ہوئی ۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کے بعد اب یہ پروازیں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر عازمین حج نے کہاکہ وہ دعا کریں گے کہ ہمارے ملک میں ہمیشہ امن قائم رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اللہ سے رجوع ہوتے ہوئے ملک بھر میں امن وامان کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔ یاد رہے کہ سری نگر سے عازمین حج کا پہلا قافلہ 4 مئی کو روانہ ہوا تھا جس کے دس دن بعد یعنی آج دوسرا قافلہ روانہ ہوا۔ 
 
جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی نے کہا  کہ اس سال جموں و کشمیر سے کل 3622 مسافر سفر کر رہے ہیں، بتا دیں کہ سری نگر ہوائی اڈے کے ساتھ سرحدی ریاستوں کے 31 ہوائی اڈوں کو 9 مئی سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازعہ کے پیش نظر عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ سری نگر میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ائیرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے پیر کو ان ہوائی اڈوں پر شہری پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے اعلان کے بعد لیا گیا۔
 

جموں وکشمیر : مختلف علاقوں میں عام زندگی دوبارہ بحال 

جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں عام زندگی دوبارہ بحال ہوگئی ہے جو ہند۔ پاک کشدگی کے باعث معطل ہوگئی تھی۔ سری نگر اور اکھنور کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی دکانیں کھل گئی ہیں جبکہ مقامی لوگ بھی اپنی معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ سرحد کے قریبی علاقوں کو چھوڑکر دیگر مقامات پر تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں۔ علاقہ میں معمول کی زندگی بحال ہونے پر مقامی شہریوں نے مسرت کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی کشیدگی کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا تاہم اب حالات پوری طرح معمول پر آگئے ہیں۔