حیدرآباد : شامیرپیٹ پولیس اور سائبر آباد اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) کے بالا نگر اسکواڈ نے اوڈیشہ سے ہریانہ گانجہ اسمگل کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔اس کارروائی میں تین اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان بشمول 273 کلو گرام خشک گانجہ، ایک بولیرو گاڑی اور کئی موبائل فون ضبط کیے گئے۔
میڈچل زون کے ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ شامیرپیٹ پولیس نے ایس او ٹی کی بالا نگر ٹیم کے ساتھ چھاپہ مارا اور گانجے کی بین ریاستی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے گرفتار افراد سے تقریباً 1,01,25,000 روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔پولیس کے مطابق حیدرآباد کے بوئن پلی میں رہنے والے پنجاب کے پردیپ کمار اور اس کےدوست ساحل کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں اوڈیشہ کا رہائشی سبھاش و دیگر مفرور بتایا گیا ہے۔
یہ گینگ 273 کلو گرام خشک گانجہ اڈیشہ سے ہریانہ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ گانجے کو بولیرو پک اپ گاڑی میں لے جایا جا رہا تھا تاکہ پولیس کی پکڑ سے بچنے کے لیے گھریلو سامان کے درمیان چھپایا جا سکے۔اسمگلر 5 اپریل کو اڈیشہ سے گانجے کو حیدرآباد لائے تھے لیکن یہاں سے ہریانہ روانہ ہونے سے قبل گانجے سے لدی گاڑی کو آج شامیر پیٹ کے قریب پولس نے ضبط کرلیا۔
اس آپریشن میں ملزمین واٹس ایپ اور جیو ڈونگل کا استعمال کرکے پولیس سے باخبر رہنے سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ضبط کیے گئے گانجے کی مارکیٹ ویلیو 95.55 لاکھ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔یہ کارروائی سائبرآباد کے سینئر پولیس افسران، ڈی سی پی ڈی سرینواس اور اے سی پی پیٹ بشیرآباد کے نے انجام دی۔ آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو سراہنے کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔