Saturday, October 18, 2025 | 26, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سپریم کورٹ :ووٹ چوری معاملے میں ایس آئی ٹی تحقیقات کے مطالبے والی عرضی مسترد

سپریم کورٹ :ووٹ چوری معاملے میں ایس آئی ٹی تحقیقات کے مطالبے والی عرضی مسترد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 13, 2025 IST

سپریم کورٹ :ووٹ چوری معاملے میں ایس آئی ٹی تحقیقات کے مطالبے والی عرضی مسترد
راہل گاندھی کی طرف سے لگائے جا رہے 'ووٹ چوری' کے الزامات کی تحقیقات کے مطالبے کو سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ کانگریس سے وابستہ وکیل روہت پانڈے نے یہ عرضی  دائر کی تھی۔ عرض گزار نے راہل کے الزامات کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں SIT بنانے کی مانگ کی تھی۔
 
کورٹ نے کیا کہا؟
 
جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جویمالیا باگچی کی بنچ نے کہا کہ اگر عرض گزار کو کوئی مسئلہ ہے تو اسے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ 'عوامی مفاد میں دائر' اس عرضی   کو سپریم کورٹ نہیں سنے گی۔ عرض گزار کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم دیا ہے۔ اس پر کورٹ نے کہا، آپ دیگر قانونی اختیارات پر غور کریں۔
 
انتخابی عمل کی  شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ عرضی دائر کی :عرض گزار
 
روہت پانڈے نے اپنی عرضی  میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے 7 اگست کو لگائے گئے الزامات کو بنیاد بنایا تھا۔ عرضی   میں کہا گیا تھا کہ 'یہ کسی ایک الیکشن کی بات نہیں ہے۔ آئین ہر بالغ شہری کو ووٹ کا حق دیتا ہے۔ ووٹر لسٹ میں غلط طریقے سے نام شامل کرنے یا ہٹانے سے یہ آئینی وعدہ کمزور ہوگا۔عرض  گزار نے کہاتھا   کہ اس نے انتخابی عمل کی ساکھ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ عرضی دائر کی ہے  ۔ کورٹ ووٹر لسٹ کے آزادانہ آڈٹ کا حکم دے۔
 
 نیز الیکشن کمیشن سے کہے کہ اس آڈٹ کے مکمل ہونے تک ووٹر لسٹوں میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔ کورٹ ووٹر لسٹ کی تیاری، اس کی دیکھ بھال اور اشاعت میں شفافیت کے لیے ضروری ہدایات بھی دے۔ساتھی ہی عرض گزار نے یہ بھی کہا   تھا کہ اگر ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر چھیڑ چھاڑ ثابت ہوتی ہے تو یہ آئین کے آرٹیکل 325 اور 326 میں دیے گئے 'ایک شخص، ایک ووٹ' کے اصول کے خلاف ہوگا۔ کسی کو ایک سے زیادہ ووٹ کا حق دینا مساوات کے بنیادی حق کی بھی خلاف ورزی ہوگا۔تاہم اب سپریم کورٹ نے اس عرضی کو خارج کر دیا ہے۔
 
کیا ہے ووٹ چوری معاملہ؟
 
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کی اور بنگلورو کے مہادیو پورہ اسمبلی حلقہ میں "ووٹ چوری" کا مسئلہ اٹھایا،راہل نے الزام لگایا کہ ایک حلقہ میں 100,000 ووٹ چوری ہوئے ہیں۔ انہوں نے ووٹ چوری کے پانچ طریقے بھی بیان کیے اور ایک ہی ایڈریس پر متعدد ووٹروں کے ثبوت بھی پیش کیے۔تاہم الیکشن کمیشن نے راہل کے الزامات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔