تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس سربراہ کے سی آرآج کالیشورم کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے ۔ کے سی آر صبح ساڑھے گیارہ بجے کمیشن کے دفتر پہنچیں گے۔ پارٹی نے اس سلسلہ میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے کارکنوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی ہدایت دی ہے۔ کے سی آر نے بی آر کے بھون روانہ ہونے سے قبل اپنے دفتر میں ایم ایل سی اور اپنی بیٹی کویتا کے علاوہ پارٹی کے دیگر لیڈروں سے بھی ملاقات کی۔ قبل ازیں سابق وزیر اور سدی پیٹ کے ایم ایل اے ہریش راو بھی پولاورم کمیشن کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔ اس تحقیقات کے بعد ہریش راو نے گذشتہ روز کے سی آر سے ملاقات کی تھی۔
کے سی آرآج بی آر کے بھون پہنچیں گے جہاں کمیشن کا دفتر ہے۔ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی اور اہم قائدین کے سی آر کے ساتھ کمیشن کے دفتر پہنچیں گے۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر اس معاملہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اضلاع حیدرآباد اور رنگاریڈی کے علاوہ اطراف واکناف کے اہم قائدین سے فون پر بات بھی کی اور بھاری تعداد میں کمیشن کے دفتر پہنچے کی ہدایت دی۔ اطلاعات ہیں کہ کے سی آر نے کمیشن کے روبرو پیش ہونے سے قبل کالیشورم پراجکٹ کی تعمیری رپورٹس کا جائزہ لیا۔ وہ اپنے ساتھ مہاراشٹرا حکومت۔ مرکزی حکومت اور سنٹرل واٹر کمیشن کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے کی گئی بات چیت اور تیار کئے گئے دستاویزی ثبوت بھی لے جائیں گے۔
وہیں دوسری جانب بی آر کے بھون میں موجود پولاورم کمیشن کے دفتر کے باہر سخت سیکوریٹی نتظامات کئے گئے ہیں۔ دفتر کے اطراف زائد پولیس فورس کو تعینات کیاگیاہے جبکہ کچھ دیر بعد دفتر کے آس پاس عوام کا داخلہ بھی بند کردیا جائےگا۔ کے سی آر کے ہمراہ پارٹی کے تمام ایم ایل ایز۔ اہم قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعدا د ہوگی جس کی وجہ سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ کے سی آر کے آمد اور تحقیقات پوری ہونے کےبعد ان کی روانگی تک کیلئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔