تلنگانہ میں اگلے پانچ دنوں تک موسلادھار بارش کا امکان ہے، اس لیے محکمہ طب اور صحت نے لوگوں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ نےعوام سے کہا ہے کہ وہ باہر کے لوگوں سے مصافحہ کم کریں اور سینیٹائزر استعمال کرکے حفظان صحت کو برقرار رکھیں۔ محکمہ طب اور صحت نے بتایا ہے کہ تمام مقامی ہسپتالوں میں ضروری ادویات دستیاب ہیں۔
حکام نے مشورہ دیا ہے کہ ارد گرد کے علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور مچھروں سے بچنے کے لیے دروازوں اور کھڑکیوں پر اسکرینیں لگائی جائیں۔ چونکہ مچھر سیپٹک ٹینکوں اور دیگر پانی ذخیرہ کرنے والے علاقوں میں افزائش کر سکتے ہیں، اس لیے یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ جالیوں کا استعمال کرکے ان علاقوں کو صاف رکھا جائے۔
عوام کو صرف فلٹر شدہ پانی پینے اور کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ ا چھی طرح سے دھونے کا مشورہ دیا ہے۔ اس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ آلودہ کھانے کی وجہ سے فوڈ پوائزننگ کے خطرے کے پیش نظر کھانے پینے کی اشیاء جتنا ممکن ہو باہر نہ کھائیں۔ واضح رہےکہ موسم کی تبدلی سے موسمی بیماریوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان بیماریوں سے بچنے کیلئے محکمہ نے عوام کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ تاکہ عوام صحت مند رہیں۔