Monday, November 03, 2025 | 12, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • مصر میں کھلا دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر، جانیے کیا ہے خاص؟

مصر میں کھلا دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر، جانیے کیا ہے خاص؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Nov 02, 2025 IST

مصر میں کھلا دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر، جانیے کیا ہے خاص؟
عجائبات کی سرزمین مصر میں دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر تعمیر ہو چکا ہے۔دو دہائیوں تک چلنے والے تعمیراتی کام کے بعد ہفتہ کو مصر کے صدر، وزیراعظم اور شاہی خاندان کے ارکان کی موجودگی میں اس عجائب گھر کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر مصر کے صدر نے عجائب گھر کو انسانی ثقافت اور تاریخی تہذیب کی نشانی قرار دیا ہے۔اس میوزیم میں بادشاہ توت عنخ آمون کے قیمتی نوادرات کے ساتھ ساتھ دیگر اہم تاریخی اشیاء بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں ۔آئیے عجائب گھر کے بارے میں جانتے ہیں۔
 
 عجائب گھر کتنا بڑا ہے؟
 
یہ عجائب گھر قاہرہ میں گیزہ اہرام کے قریب ہے اور تقریباً 120 ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ فرانس کے لوور میوزیم سے تقریباً دوگنا بڑا اور ویٹیکن سٹی کے برابر ہے۔ اس عجائب گھر کو بنانے کا اعلان 2002 میں کیا گیا تھا۔ جسے 2012 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، لیکن بڑھتی لاگت، سیاسی عدم استحکام اور کووڈ وباء کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ اسے بنانے میں 1.2 ارب ڈالر کی لاگت آئی ہے۔جسکا نام گریٹ ایجیپشن میوزیم‘رکھا گیا ہے۔
 
 کئی عجائبات کو پہلی بار دنیا دیکھے گی:
 
عجائب گھر کی سب سے بڑی خصوصیت مصر کے بادشاہ توت عنخ آمون کی قبر ہے،جس کی دریافت 1922 میں برطانوی ماہر آثار قدیمہ ہاورڈ کارٹر نے کی تھی۔ عجائب گھر میں ان کی قبر سے نکالے گیےخزانے کا سب سے بڑا مجموعہ رکھا گیا ہے،جن میں تخت ،سنہرے نقاب اور ان کے ساتھ دفن کیے گئے 5,000 سے زیادہ خزانے  بھی شامل ہیں ۔ ان میں سے کئی چیزیں ایسی ہیں جو پہلی بار دنیا کے سامنے آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی چیزیں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی تھیں، جنہیں ایک جگہ لایا گیا ہے۔
 
 عجائب گھر میں اور کیا کیا ہے خاص؟
 
بادشاہ توت عنخ آمون کے قیمتی نوادرات کے ساتھ ساتھ دیگر اہم تاریخی اشیا بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں جن میں سب سے نمایاں رامسیس دی گریٹ (Ramesses the Great) کا 3200 سال پرانا دیوقامت مجسمہ ہے جو مرکزی ہال میں یہاں آنے والے مہمانوں کا استقبال کرتا ہے۔
 
یہ مجسمہ 51 سال تک قاہرہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے لگا رہا تھا۔ عجائب گھر میں لانے سے پہلے اسے جلوس کی شکل میں شہر میں گھمایا گیا۔ اس کے علاوہ 50,000 سے زیادہ تاریخی اشیاء نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں، جن میں 4,600 سال پرانی خفو کی کشتی شامل ہے۔ یہ دنیا کی سب سے پرانی اور محفوظ کشتی سمجھی جاتی ہے۔
 
 عجائب گھر کو "مصر کا چوتھا اہرام" کہا جا رہا ہے:
 
عجائب گھر کی ڈیزائن اہرام کی شکل کی ہے۔ اسی وجہ سے اسے قاہرہ میں موجود خفو، خفرے اور منکورے کے بعد چوتھا اہرام بھی کہا جا رہا ہے۔ مثلثی شیشے کے آکار میں بنے اس اہرام کی ڈیزائن آئرش فرم ہینیگن پینگ آرکیٹیکٹس نے کی ہے۔ اسے ایک بہت بڑی 6 منزلہ سیڑھی کے گرد بنایا گیا ہے، جہاں سے قریب کے اہرام بھی نظر آتے ہیں۔ عجائب گھر میں 12 مرکزی گیلریاں ہیں، جو 5,000 سالوں کے تاریخ کو سمیٹے ہوئے ہیں۔
 
 مصر نے اتنا بڑا عجائب گھر کیوں بنایا؟
 
مصر کے لیے یہ عجائب گھر اس کے تاریخی خزانوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ ثقافتی طاقت اور اپنی ورثہ کو واپس حاصل کرنے کا پیغام بھی ہے۔ مصر کو امید ہے کہ یہ عجائب گھر سالانہ 80 لاکھ سیاحوں کو اپنی طرف کھینچے گا۔ مصر کی معیشت چیلنجز سے دوچار ہے، جسے سنبھالنے میں سیاحت اہم ہے۔ 2024 میں مصر میں 1.50 کروڑ سیاح آئے تھے۔ سیاحت کی ملک کے جی ڈی پی میں 8 فیصد حصہ داری ہے۔
 
 عجائب گھر کو بنانے میں ماحولیاتی معیارات کا بھی خیال:
 
عجائب گھر کی عمارت کو ماحولیاتی نقطہ نظر سے بھی موافق بنایا گیا ہے۔ اس میں پیسیو کولنگ، سولر انرجی، قدرتی روشنی سمیت کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مصر کا کہنا ہے کہ اسی سائز کی روایتی عمارتوں کے مقابلے میں عجائب گھر کی عمارت 60 فیصد کم بجلی اور 34 فیصد کم پانی استعمال کرے گی۔  2024 میں اسے پائیدار عمارت ڈیزائن اور تعمیر کے لیے ایڈوانسڈ گرین بلڈنگ سرٹیفیکیشن بھی ملا تھا۔
 
 عجائب گھر کی ہو رہی ہے تنقید:
 
عجائب گھر کی سب سے بڑی تنقید اس کے اخراجات کو لے کر ہو رہی ہے۔ اسے بنانے کے لیے جاپان کی ایک ایجنسی سے قرض لیا گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کیا اتنی بھاری رقم کا استعمال صحیح کام کے لیے کیا جا رہا ہے، کیونکہ ملک سنگین سماجی اور معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ دیگر ناقدین عجائب گھر کو مرکزی سیاحت حکمت عملی کا حصہ بتاتے ہوئے مانتے ہیں کہ اس سے مصر کے دیگر علاقوں کو نقصان ہوگا۔