Friday, August 29, 2025 | 06, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر دنیا خاموش، تازہ حملوں میں دو درجن سے زیادہ فلسطینی جاں بحق

فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر دنیا خاموش، تازہ حملوں میں دو درجن سے زیادہ فلسطینی جاں بحق

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 28, 2025 IST     

image
فلسطین  میں اسرائیلی مظالم اپنے انتہا کو پہنچ چکے ہیں ۔غزہ میں ہر دن  اسرائیلی جارحیت میں معصوم افراد کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔  بھوک سے بھی اموات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔  لیکن افسوس کا مقام ہے کہ  غزہ میں ہورہی اس بدترین نسل کشی پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔  اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں  دو درجن سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ  مرنے  والوں میں سات افراد ایسے ہیں جو امداد حاصل کرنے کے دوران ہلاک کردئے گئے۔  بھوک ،سے مرنے والوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ 
 
غزہ کی وزارت صحت  کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قحط اور غذائی قلت کے باعث، 10 اموات ریکارڈ کی گئی  ہیں، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، جس سے بھوک سے ہونے والی اموات کی مجموعی  تعداد 313 ہو گئی ہے، جن میں سے 119 بچے ہیں۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ خوراک اور امداد کی ترسیل پر اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے غزہ میں غذائی قلت شدت اختیار کر رہی ہے۔میڈیا آفس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے تمام کراسنگ کو بند کر دیا ہے اور 430 اشیائے ضروریہ کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔غزہ کی 95 فیصد سے زیادہ آبادی کے پاس بازاروں میں دستیاب بنیادی اشیاء اور کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے لیے پیسے یا ذرائع آمدنی نہیں ہے۔
 
اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ کے حوالے سے یورپی حلقوں میں بڑھتی تشویش کے پس منظر میں دوسو  سے زائد یورپی سابق سفارت کاروں، جن میں 110 سفیر اور 25 اعلیٰ سطح کے ڈائریکٹر شامل ہیں نے یورپی یونین کے اداروں کو ایک کھلا خط لکھا ہے۔ اس خط میں اسرائیل پر دباؤ ڈالنے اور جنگ فوری روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ ہو اور عالمی قوانین کا احترام یقینی بنایا جائے۔
 
مکتوب میں نو ممکنہ اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں اسرائیل کو اسلحہ برآمد کرنے کے لائسنس معطل کرنا، غیر قانونی طریقے سے آنے والی مصنوعات و خدمات پر تجارتی پابندیاں لگانا اور یورپی ڈیٹا سینٹرز کو اسرائیل کی غزہ اور مغربی کنارے میں سرگرمیوں سے متعلق معلومات وصول کرنے یا پراسیس کرنے سے روکنا شامل ہے۔