جموں کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے محرم کے جلوس کے بارے میں پوچھے کے سوال کے جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال 8 محرم کا جلوس سری نگر کے روایتی راستے سے ہی گزرے گا، جیسا کہ گزشتہ سال ہوا تھا۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کی۔
امرناتھ یاترا کے انتظامات مکمل
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو اعلان کیا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کا آغاز 3 جولائی سے ہوگا، جس کے لیےعقیدت مندوں کی حفاظت، لاجسٹکس، صحت کی سہولیات اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مکمل انتظامات کر لیے گئے ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ شری امرناتھ شرائن بورڈ اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے وسیع انتظامات کیے ہیں، اور ہر یاتری کے لیے RFID ٹریکنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ انہیں حقیقی وقت میں مانیٹر کیا جا سکے۔ تمام بیس کیمپس اور یاترا روٹ پر اعلیٰ سطحی سیکورٹی نظام قائم کیا گیا ہے۔ کیمرے لگائے گئے ہیں۔یاترا 52 دن تک جاری رہے گی اور 24 اگست کو اختتام پذیرہوگی۔
سیکوریٹی،صحت اورماحولیات پرتوجہ
ایل جی منوج سنہا کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور یاترا کے لیے پہلے ہی فرضی مشقیں (موک ڈرل) کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، صحت کے شعبے میں بھی اس سال نمایاں بہتری لائی گئی ہے، ہر بیس کیمپ پر 100 بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کیے گئے ہیں اور ہنگامی طبی ٹیمیں بھی تیار رکھی گئی ہیں۔ماحولیاتی حوالے سے ایل جی نے کہا کہ دیہی ترقیاتی محکمہ یاترا کے راستے کو صاف اور سبز رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ گزشتہ سال سے ہم نے صفر فضلہ یاترا کو یقینی بنایا ہے، اور اس روایت کو اس سال بھی مزید مضبوط کریں گے۔
رجسٹریشن میں 10فیصد کمی
سنہا نے اعتراف کیا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے حملے، کے بعد رجسٹریشن میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی۔ تاہم اب رجسٹریشن کی شرح دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، اور مجھے امید ہے کہ یہ رجحان برقرار رہے گا۔ حملے سے قبل 2.36 لاکھ یاتری رجسٹر ہو چکے تھے۔
اس سال ہیلی کاپٹرسروس نہیں
سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ایل جی نے تمام یاتریوں، خاص طور پر نجی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ جموں سے بیس کیمپس تک سیکورٹی قافلے کے ساتھ ہی سفر کریں۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ اس سال سیکورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر ہیلی کاپٹر سروس دستیاب نہیں ہوگی۔یاترا 52 دن تک جاری رہے گی اور 24 اگست، جو شراون پورنیما کا دن ہے، کو اختتام پذیر ہوگی۔
کشمیریوں کی مہمان نوازی بےمثال
ایل جی سنہا نے جموں و کشمیر کے تمام شہریوں، خاص طور پر کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ یاتریوں کو حسب روایت مکمل تعاون فراہم کریں۔ کشمیری عوام یاتریوں کا والہانہ استقبال کرتے ہیں، اور سب کو اس یاترا کا بے صبری سے انتظار ہے۔ میں اپنے صحافی دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ یہ مثبت پیغام دیں کہ کشمیریوں کی مہمان نوازی ملک بھر میں بے مثال ہے۔