جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ گجرات سے کشمیر گھومنے آئے سیاحوں کی ایک کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک تاجر جوڑا (میاں بیوی) موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ مقامی ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں۔
کیسے پیش آیا یہ حادثہ؟
پولیس افسران نے بتایا کہ JK21A-0379 نمبر کی گاڑی سیاحوں کو لے کر پہلگام سے ارو جا رہی تھی کہ اچانک گاڑی پھسل کر گہری خائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا۔ پولیس نے شناخت کے بعد گجرات پولیس اور ورثاء کو اطلاع دے دی ہے اور لاشوں کو مردہ خانے میں رکھوا دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی واقعہ کی جگہ پر پہنچ کر حادثے کی تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ٹیکسی کا ڈرائیور، جس کی شناخت رئیس احمد بھٹ (سکنہ پہلگام) کے طور پر ہوئی ہے، شدید زخمی ہے۔ اسے فوری طور پر جی ایم سی (GMC) اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کی لاپرواہی پر سوالات:
پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور پہاڑی راستوں پر گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
تاہم، مقامی ذرائع اور سیاحوں کا کہنا ہے کہ وادی کے ان خطرناک پہاڑی راستوں پر ایسے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، لیکن مقامی انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کے کناروں پر حفاظتی باڑ یا دیگر احتیاطی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے۔