اترپردیش کے بہرائچ ضلع میں ایک سنسنی خیز اور وحشیانہ واقعہ سامنے آیا ہے۔ نانپارہ کوٹوالی علاقے میں ایک شخص نے اپنی طلاق شدہ بیوی کو موٹر سائیکل سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اس دوران ملزم بھی زخمی ہوا ہے۔واقعہ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ واقعہ بدھ کا بتایا جا رہا ہے۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
پولیس کے مطابق، رام گاؤں علاقے کے مسلمان پور گاؤں کا رہنے والا رحیس نے تقریباً ایک سال پہلے نانپارہ کی رہائشی ریشماسے شادی کی تھی۔ آپسی تنازع کی وجہ سے جنوری میں دونوں کا طلاق ہو گیا تھا، جس کے بعد خاتون اپنے میکے میں رہ رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق، ملزم بدھ کو نانپارہ آیا تھا اور لکشمن پور ماتہی گاؤں کے قریب گھر لوٹ رہی اپنی طلاق شدہ بیوی سے اس کا آمنا سامنا ہو گیا۔ دونوں کے درمیان بحث ہوئی، جو جلد ہی ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔
پٹائی کے بعد بائیک سے باندھ کر گھسیٹا:
پولیس نے بتایا کہ رحیس نے پہلے خاتون کو موٹر سائیکل سے ٹکر ماری، پھر اسے بائیک سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا۔ خاتون کی چیخیں سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے اور اسے چھڑایا۔ غصے میں لوگوں نے ملزم کی بھی خوب پٹائی کر دی، جس سے وہ بھی زخمی ہو گیا۔
پولیس کی کاروائی:
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ نانپارہ کے علاقائی مجسٹریٹ پہوپ سنگھ نے بتایا کہ ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں قتل کی کوشش، زخمی کرنا، مجرمانہ دھمکی اور توہین شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔