Tuesday, October 07, 2025 | 15, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • امریکی صدر کی حماس کو دھمکی ،جلد اٹھائیں یہ اقدام

امریکی صدر کی حماس کو دھمکی ،جلد اٹھائیں یہ اقدام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 05, 2025 IST

امریکی صدر کی حماس کو دھمکی ،جلد اٹھائیں یہ اقدام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی  حمایتی تنظیم حماس کو دھمکی دی ہے کہ،اگر وہ اسرائیل کے ساتھ جلد امن معاہدے پر راضی نہیں ہوئی تو غزہ کو مزید تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 
ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا کہا؟
 
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر لکھا، "حماس کو فوری طور پر قدم اٹھانا چاہیے، ورنہ سب کچھ داؤ پر لگ جائے گا۔ میں ایسی کوئی تاخیر برداشت نہیں کروں گا، جو بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ہو سکتا ہے۔ غزہ کو دوبارہ خطرے میں نہیں ڈالا جائے گا۔ یہ اقدام جلد کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی اور امن معاہدے کا راستہ صاف کرنے کے لیے بمباری کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔
 
تاہم غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے اطلاع دی ہے کہ اس درمیان غزہ شہر پر درجنوں حملے کیے گئے۔
 
مشرق وسطیٰ کے سفیر مصر روانہ:
 
ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور ان کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹ کوف ہفتے کے روز مصر کے لیے روانہ ہوئے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں اہلکار یرغمالیوں کی رہائی کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے اور امن معاہدے پر بات چیت کے لیے خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔
 
حماس نے کیا کہا؟
 
فلسطینی تنظیم حماس نے جمعے کو امریکی منصوبے کا مثبت جواب دیا۔ حماس نے کہا کہ وہ دو سالہ جنگ کے خاتمے، تمام یرغمالیوں کو رہا کرنے اور معاہدے کی شرائط پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔اس کے جواب میں ٹرمپ نے اسرائیل سے فوری طور پر بمباری روکنے کی اپیل کی لیکن اسرائیل نے کہا کہ اس کی فوج غزہ میں اب بھی کارروائیاں کر رہی ہے۔ دریں اثناء غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کی صبح سے اب تک 57 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 40 غزہ شہر میں ہیں۔
 
یاد رہے کہ حماس غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے کچھ نکات سے متفق ہے۔ تنظیم نے یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ پٹی کی انتظامیہ کو آزاد فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کرنے کے حوالے سے مثبت جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ تاہم اس نے واضح کیا ہے کہ وہ منصوبے کی کئی دیگر شرائط پر مزید بات چیت کرنا چاہتےہیں۔اطلاعات کے مطابق حماس نے ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے پر اپنا سرکاری ردعمل جاری کیا ہے۔ امریکی صدر نے حماس کو اس تجویز کو قبول یا مسترد کرنے کیلئے اتوار تک کا وقت دیاہے۔