Sunday, May 17, 2026 | 29 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا بیٹا بھگیرتھ گرفتار: نابالغ لڑکی سے جنسی استحصال کا الزام

مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا بیٹا بھگیرتھ گرفتار: نابالغ لڑکی سے جنسی استحصال کا الزام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 17, 2026 IST

مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا بیٹا بھگیرتھ گرفتار: نابالغ لڑکی سے جنسی استحصال کا الزام
حیدرآباد: مرکزی وزیرِ داخلہ برائے مملکت بنڈی سنجے کمار کے بیٹےبنڈی بھگیرتھ کو پولیس نے باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ بھگیرتھ پر ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال  کا سنگین الزام ہے۔ ملزم کی گرفتاری اور خود سپردگی  کو لے کر پولیس اور مرکزی وزیر کے بیانات میں تضاد دیکھا جا رہا ہے۔ جہاں بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے خود اپنے بیٹے کو قانون کے حوالے کیا ہے، وہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حیدرآباد کے بیرونی علاقے سے گرفتار  کیاگیا ہے۔
 
بنڈی سنجے کا بیان:
 
بیٹے کی گرفتاری کے بعد مرکزی وزیر بندی سنجے کمار نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا،ستیہ میو جیتے (Satyamev Jayate)۔ قانون اور عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے آج میرا بیٹا بنڈی بھگیرتھ وکلاء کے ذریعے جانچ کے لیے تلنگانہ پولیس کے سامنے پیش ہوا ہے۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ چاہے میرا بیٹا ہو یا کوئی عام شہری، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ میرا بیٹا مسلسل کہہ رہا ہے کہ وہ بے قصور ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ ہمیں تحقیقات میں مکمل تعاون کرنا چاہیے اور عدالت کا احترام کرنا چاہیے۔
 
تلنگانہ ہائی کورٹ نے گرفتاری پر روک لگانے سے کیا تھا انکار:
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز (16 مئی 2026) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بنڈی بھگیرتھ کو کسی بھی قسم کی عبوری راحت (Interim Protection) دینے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ عدالتِ عالیہ نے واضح کیا کہ پوکسو (POCSO) جیسے حساس اور سنگین معاملے میں ملزم کی گرفتاری پر روک نہیں لگائی جا سکتی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا ہے اور پوچھ گچھ کے لیے حاضر نہیں ہو رہا۔
 
پولیس نے جاری کیا تھا لک آؤٹ نوٹس:
 
ہائی کورٹ سے عرضی خارج ہونے کے بعد پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بھگیرتھ اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کر کے ملک سے فرار ہو سکتا ہے، جس کے بعد اس کے خلاف فوری طور پر لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
 
بھگیرتھ پر کیا الزامات ہیں؟
 
یہ پورا معاملہ ایک 17 سالہ نابالغ لڑکی کی ماں کی شکایت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔شکایت کے مطابق، بھگیرتھ نے شادی کا جھانسا دے کر نابالغ لڑکی کے ساتھ تعلقات استوار کیے اور اس کا جنسی استحصال کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں8 مئی کو پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسول آفینسز (POCSO) ایکٹ اور بھارتیہ نیاۓ سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم، ملزم بھگیرتھ نے ان تمام الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔