اتر پردیش کے کئی اضلاع میں موسم نےبڑی تباہی مچا دی ہے۔ریاست میں طوفان، آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارش کی وجہ سے اب تک 70 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پریاگ راج، بھدوہی، فتح پور اور سون بھدر سمیت اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ انسانی ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کی ہلاکت کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاست کے 38 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
وہیں اتر پردیش کے بریلی سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص طوفان کے زور سے کئی فٹ ہوا میں بلند ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔
خوفناک منظر: بریلی میں ٹین شیڈ کے ساتھ شخص ہوا میں اڑ گیا:
بریلی ضلع میں آندھی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک شخص ٹین شیڈ کے ساتھ ہوا میں اڑتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ واقعہ بھمورا تھانہ علاقے کے بمیانہ گاؤں کا بتایا جا رہا ہے۔ ہوا میں اڑنے کے بعد زمین پر گرنے سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جس کی شناخت 'ننہے' کے طور پر ہوئی ہے۔
مرنے والوں کی تعداد 70 ہو گئی:
شدید طوفان اور تیز ہواؤں کے باعث کئی اضلاع میں درخت، دیواریں اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں 70 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، اور تمام زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ مزید برآں، متاثرہ علاقوں میں اس وقت امدادی اورحفاظتی مہم جاری ہیں۔
24 گھنٹے کے اندر معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی:
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس تباہی کا نوٹس لیا ہے اور افسران کو 24 گھنٹے کے اندر معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مزید برآں، تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس (ڈی ایم) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر فیلڈ کا دورہ کریں تاکہ نگرانی اور مدد فراہم کی جاسکے۔ وزیراعلیٰ کا دفتر بھی ہر ضلع میں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ سی ایم یوگی نے عہدیداروں کو تمام راحت اور بچاؤ کاموں کو مکمل کرنے اور 24 گھنٹے کے اندر متاثرین تک امداد پہنچنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔