Wednesday, July 16, 2025 | 21, 1447 محرم
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • اترپردیش: ایم پی اقرا حسن نے اے ڈی ایم پر لگایا سنگین الزام، دونوں نے اپنا موقف پیش کیا، تفتیش جاری

اترپردیش: ایم پی اقرا حسن نے اے ڈی ایم پر لگایا سنگین الزام، دونوں نے اپنا موقف پیش کیا، تفتیش جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 16, 2025 IST     

image
کیرانہ کی ایم پی اقرا حسن  اس وقت سرخیوں میں ہیں۔ ایم پی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ایم پی نے کہا ہے کہ اے ڈی ایم نے ان کے ساتھ غیر مہذب سلوک کیا۔ اے ڈی ایم نے مبینہ طور پر اقرا حسن کو دفتر چھوڑنے کو کہا۔ اس کے بعد اے ڈی ایم پر الزام لگاتے ہوئے ایم پی نے سہارنپور کے ڈویژنل کمشنر سے اس کی شکایت کی ہے۔
 
یہ سارا معاملہ یکم جولائی کا ہے۔ معلومات کے مطابق، کیرانہ کی رکن اسمبلی اقرا حسن علاقے کے مسائل کو لے کر سہارنپور کے چٹمل پور سے نگر پنچایت صدر شمع پروین کے ساتھ اے ڈی ایم سے ملنے گئی تھیں۔ پھر دوپہر ایک بجے اے ڈی ایم سے رابطہ کرنے پر پتہ چلا کہ وہ ابھی لنچ کے لیے گئے تھے۔ لنچ کے بعد اقرا حسن تقریباً 3 بجے اے ڈی ایم کے دفتر پہنچیں۔

کیا ہے سارا معاملہ؟

چٹمل پور کے نگر پنچایت صدر جو اقرا حسن کے ساتھ موجود تھے، کو کسی معاملے میں اے ڈی ایم نے ڈانٹا۔ جب اقراء حسن  نے مداخلت کی تو اے ڈی ایم سنتوش بہادر نے مبینہ طور پر اقرا حسن کو اپنا دفتر چھوڑنے کو کہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ان کا دفتر ہے اور وہ کچھ بھی کہنے اور کرنے میں آزاد ہیں۔

اقرا حسن  نے اے ڈی ایم کے خلاف شکایت کی:

ایس پی ایم پی اقرا حسن  نے اے ڈی ایم کے خلاف سہارنپور ڈویژنل کمشنر اتل رائے اور پرنسپل سکریٹری تقرری کے خلاف تحریری شکایت کی ہے۔ اس کے علاوہ لکھنؤ کو شکایتی خط بھی بھیجا گیا ہے۔ ایس پی ایم پی کی شکایت کے بعد ڈویژنل کمشنر نے ڈی ایم سہارنپور منیش بنسل کو پورے معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔

اے ڈی ایم نے اپنا موقف پیش کیا:

اقرا حسن کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے کے بعد اے ڈی ایم سنتوش بہادر نے بھی اپنا موقف پیش کیا۔ اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے اے ڈی ایم نے کہا کہ اس نے رکن اسمبلی کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی ہے، جو الزامات لگائے جارہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔
 
معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈی ایم سہارنپور منیش بنسل نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ نیز تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی عوامی نمائندے کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ دوسری طرف، ڈویژنل کمشنر نے کہا، کیرانہ کے رکن اسمبلی کی جانب سے ناروا سلوک کی شکایت کی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کو اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔