• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • بھارت اور پاکستان کے درمیان ڈبلیو سی ایل میچ منسوخ، بھارتی کھلاڑیوں نےکیا بائیکاٹ

بھارت اور پاکستان کے درمیان ڈبلیو سی ایل میچ منسوخ، بھارتی کھلاڑیوں نےکیا بائیکاٹ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jul 20, 2025 IST     

image
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا دوسرا سیزن 18 جولائی کو شروع ہوا جس میں بھارتی چیمپئن اور پاکستانی چیمپئن کے درمیان میچ 20 جولائی کو ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلا جانا تھا۔ ہندوستانی شائقین کی جانب سے اس میچ کو لے کر کافی تنقید کی گئی تھی جس کے بعد اب ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی چیمپئن ٹیم کا حصہ ہربھجن سنگھ، شیکھر دھون، یوسف پٹھان اور عرفان پٹھان نے پہلے ہی میچ میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
 
ڈبلیو سی ایل نے معذرت کی:
 
ڈبلیو سی ایل نے پاک بھارت میچ کے شیڈول سے ہونے والی جذباتی تکلیف پر معذرت کی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ میچ شائقین کے لیے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دوستانہ والی بال سیریز کے بعد 'خوشگوار یادیں' بنانے کے ارادے سے شیڈول کیا گیا تھا۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ اس فیصلے نے نادانستہ طور پر جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور بہت سے ہندوستانی لیجنڈز کے لیے ایک تکلیف دہ صورتحال پیدا کی۔
 
میچ کو لے کر پہلے ہی تنقید ہو رہی تھی:
 
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات خراب ہورہے ہیں جس کے بعد ہر میدان میں اس کا اثر نظر آرہا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے سیزن میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کو لے کر پہلے ہی کافی تنقید کی جا رہی تھی جس کے بعد شیکھر دھون نے ٹورنامنٹ کھیلتے ہوئے اپنی رضامندی دیتے ہوئے پہلے ہی پاکستان کے خلاف میچ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اس کے علاوہ ہربھجن سنگھ نے بھی میچ سے ایک دن پہلے مطلع کیا تھا کہ وہ میچ میں نہیں کھیلیں گے۔ اب اس احتجاج کے پیش نظر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کو میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ لینا پڑا جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے دی ہے۔
 
ٹورنامنٹ میں کل 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں:
 
ڈبلیو سی ایل 2025 ٹورنامنٹ میں کل 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں بھارت اور پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ تمام ٹیموں میں کئی لیجنڈری سابق کھلاڑی میدان میں واپس آرہے ہیں۔ پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ منسوخ ہونے کے بعد اب بھارت کی چیمپئن ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا اگلا میچ 22 جولائی کو نارتھمپٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ چیمپئنز کے خلاف کھیلے گی جس میں یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔