مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا پہلا بجٹ اجلاس پیر سے شروع ہوگا۔ ہفتہ کو اجلاس سے پہلے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور بجٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 7 مارچ کو وزیراعلیٰ 2025-26 کا عام بجٹ پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ 2024-25 کا ضمنی بجٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ سال 2019 میں یونین ٹیریٹری بننے سے پہلے پیش کیا گیا تھا۔
اسمبلی اجلاس کا پہلا مرحلہ 3 مارچ سے شروع ہوگا اور 25 مارچ تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ 7 اپریل سے 11 اپریل تک چلے گا۔ دونوں مراحل کے درمیان چھ عام تعطیلات ہیں۔ اجلاس پیر کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے شروع ہوگا۔ اگلے تین دنوں میں 4 سے 6 مارچ تک ایل جی کے خطاب پر بحث کی جائے گی اور شکریہ کی تحریک پیش کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ 7 مارچ کو عام بجٹ پیش کریں گے۔ ساتھ ہی حکومت رواں مالی سال کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ضمنی بجٹ بھی لائے گی۔ سال 2024-25 کا بجٹ 1,18,486 کروڑ روپے تھا۔ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی اور منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں، جموں و کشمیر کا بجٹ 2019 سے 2024 تک پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا۔
جموں وکشمیر اسمبلی میں 8 اور 10 مارچ تک محکمانہ بجٹ پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔ 11 مارچ پر بحث ہوگی اور اپوزیشن کے سوالات کا جواب دیاجائیگا۔ اس کے بعد محکمانہ بجٹ پر تفصیلی بحث کے لیے نو دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اختصاصی بل پیش ہونے کے بعد ایوان میں دونوں جماعتوں کے ارکان کے لیے اپنے ذاتی بل یا تجاویز لانے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اگر کوئی رکن پرائیویٹ بل یا تحریک لاتا ہے تو اس پر اسپیکر کی منظوری سے بحث کی جائے گی۔ اجلاس کے آخری دن حکومت کی طرف سے کوئی بل یا آرڈیننس یا قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جا سکتی ہے۔