اتر پردیش کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو ) کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی ای میل کے ذریعے دی گئی ہے۔ دھمکی دینے والے شخص نے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ رقم یو پی آئی کے ذریعے مانگی گئی ہے۔ دھمکی آمیز ای میل سامنے آنے کے بعد اے ایم یو میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔پولیس دھمکی دینے والے کی تلاش میں ہے۔
2 لاکھ روپے کامطالبہ:
بتا دیں کہ اے ایم یو کے مختلف محکموں کو ایک نامعلوم میل بھیجی گئی ہے جس میں انہیں بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ اس میل میں ایک UPI نمبر بھی لکھا ہوا ہے۔ اس نمبر پر 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ساتھ ہی یہ دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر 2 دن میں رقم نہ بھیجی گئی تو بم دھماکہ کیا جائے گا۔ اس اطلاع کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور فوراً پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مطلع کیا گیا۔پولیس کے مطابق، یہ ای میل اے ایم یو کے سرکاری اکاؤنٹ پر موصول ہوا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ابھئے کمار پانڈے نے میڈیا کو بتایا کہ ای میل میں دھمکی دی گئی ہے کہ رقم نہ دینے پر یونیورسٹی کو بم دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اے ایم یو کی سیکورٹی میں اضافہ:
معاملہ کو سنگین میں لیتے ہوۓ اے ایم یو میں حفاظتی اقدامات بڑھا تے ہوۓفوری طور پر آمد و رفت کرنے والوں کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ جس طرح سے یہ میل بھیجی گئی ہے اس سے شبہ ہے کہ اس میں کچھ شرارتی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ اس سے پہلے سال 1998 میں اسیمانند، پرگیہ ٹھاکر اور کرنل پروہت نے اے ایم یو کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی ۔