بھونیشور:ریاست اڈیشہ میں منشیات کی اسمگلنگ کیس میں ضمانت پر باہر آنے کے تین دن بعدرسول گڑھ اوور برج پردن دہاڑےایک خاتون، اس کے شوہر اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر سر عام ایک پولیس رضاکار کا سر قلم کر دیا۔ انہیں (ملزمان)شبہ تھا کہ وہ ان کی گرفتاری کا ذمہ دار ہے۔ ملزمین جس کی شناخت لپیکا نائک، اس کے شوہر لکشمی دھر اور ان کے ساتھی راکی نائک کے طور پر کی گئی ہے، ان تمام کو جرم کے چند گھنٹوں کےبعد ہی نیا گڑھ ضلع سے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ متوفی سہدیو نائک (36)جو کہ ایک پولیس رضاکار کے طور پر انسداد اور منشیات کے خلاف مہم چلاتے تھے۔پولیس کمشنر ایس دیو دتہ سنگھ نے کہا کہ حال ہی میں محکمہ ایکسائز نے لپیکا کو گرفتار کیا تھا۔ اسے شبہ تھا کہ سہدیو نے محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی اسے گرفتار کرنے میں مدد کی تھی۔ اس نے دیگر دو ملزمین کے ساتھ مل کر سہدیو کے قتل کی سازش کی ۔اور اس درد ناک واقعہ کو انجام دیا۔
ڈی سی پی پنک مشرا نے کہا کہ ہم نے جرم میں ملوث تمام ملزمین کو جرم کے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ قتل کی وجہ پرانی دشمنی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سہدیو اپنی نو سالہ بیٹی کو اسکول چھوڑنے کے بعد این ایچ -16پر وانی وہار سے رسول گڑھ کی طرف اپنے ٹو وہیلر سےجا رہے تھے۔ ہیلمٹ پہنے دو بائک پر سوار ملزم نے رسول گڑھ آر او بی پر نائک کو روکا اور سب کے سامنے حملہ کر دیا۔ جب نائک اپنی موٹر سائیکل سے گر کر اپنی جان بچانے کی کوشش میں بھاگ رہا تھا، تو حملہ آوروں نے اس کا پیچھا کیا اور تلوار سے اس کا سر قلم کر دیا۔ اس وحشیانہ حملے سے مسافروں اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔