منصف ٹی وی کے مقبولِ عام خصوصی صحت پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں آج ایک نہایت اہم اور حساس طبی موضوع (Diabetic Foot Ulcer - Don't Wait till It's Too Late! Causes, Warning Signs & Treatment) پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس نشست میں ملک کے معروف کنسلٹنٹ پلاسٹک، ری کنسٹرکٹو، کاسمیٹک اور مائیکرو واسکولر سرجن ڈاکٹر نشانت سادھنالا (کمس سن شائن ہاسپٹلس، بیگم پیٹ، حیدرآباد) نے ناظرین کو نہایت قیمتی مشوروں سے نوازا۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نشانت سادھنالا نے بتایا کہ ہندوستان میں ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ پیروں کے زخم یعنی ’ڈائبیٹک فٹ السر‘ ایک خاموش مگر سنگین خطرے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شوگر کی سطح مسلسل بلند رہنے کی وجہ سے پیروں کی رگیں (اعصاب) کمزور ہو جاتی ہیں، جسے طبی زبان میں نیوروپیتھی (Neuropathy) کہا جاتا ہے۔ اس کیفیت میں مریض کے پیروں میں سُن پن آ جاتا ہے اور اسے چھوٹی چوٹ، چھالے یا کنکر چبھنے کا احساس تک نہیں ہوتا۔ دوسری جانب خون کی نالیوں کے سکڑنے سے پیروں تک خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ایک معمولی سی خراش بھی گہرے اور ناسور زخم میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹر نشانت نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بڑی پیچیدگی سے بچنے کے لیے ابتدائی علامات پر نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ اگر پیر میں بے حسی یا سوئیاں چبھنے کا احساس ہو، جلد کی رنگت سیاہ یا نیلی پڑنے لگے، پیر میں غیر معمولی سوجن یا گرماہٹ محسوس ہو، یا موزوں پر خون اور پیپ کے دھبے دکھائی دیں تو ہرگز انتظار نہ کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ درد نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ زخم خطرناک نہیں ہے؛ بلکہ یہی بے حسی مریض کو اسپتال پہنچنے میں تاخیر کا سبب بنتی ہے۔
علاج کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میڈیکل سائنس اور مائیکرو واسکولر و ری کنسٹرکٹو سرجری میں اتنی ترقی ہو چکی ہے کہ بروقت رجوع کرنے پر مریض کے پیر کو کٹنے (Amputation) سے بچایا جا سکتا ہے۔ علاج کے مراحل میں شوگر کو قابو میں رکھنا، زخم کی جدید صفائی (Debridement)، متاثرہ حصے سے دباؤ کم کرنا (Off-loading) اور خون کی روانی بحال کرنے کے لیے جدید سرجری شامل ہیں۔
آخر میں ڈاکٹر نشانت سادھنالا نے ذیابیطس کے تمام مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ سونے سے قبل اپنے پیروں اور انگلیوں کے درمیانی حصوں کا بغور معائنہ کریں، کبھی ننگے پاؤں نہ چلیں اور آرام دہ جوتوں کا استعمال کریں تاکہ صحت مند اور فعال زندگی گزاری جا سکے۔
قارئین آپ ڈاکٹر نشانت سادھنالا کی مکمل بات چیت پرمشتمل ویڈیو یہاں👇دیکھ سکتےہیں۔ اورساتھ ہی دیگر ماہر ڈاکٹرز کی ہزاروں ویڈیوز منصف ٹی وی ہیلتھ پر دیکھ سکتےہیں۔






