بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اُن تصاویر کے بعد تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے جن میں وہ ایک قدیم زمرد کے لاکٹ کے ساتھ دکھائی دیں جس پر قرآنِ مجید کی آیات درج بتائی جاتی ہیں ۔ کانگریس کے مدھیہ پردیش ترجمان عباس حفیظ نے ان تصاویر کے خلاف قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان تصاویر کو فوری ہٹانے اور عوامی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اعتراض زیور پہننے پر نہیں بلکہ اس مذہبی تحریر کی نمائش کے انداز پر ہے جس سے مبینہ طور پر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
حفیظ کے وکیل محمد ظفر نے وضاحت کی کہ لاکٹ پر قرآنی آیت درج ہے جو اسلام میں مقدس مانی جاتی ہے اور مذہبی آداب کے مطابق مقدس متن کے لمس یا تلاوت سے قبل طہارت کی شرط کا لحاظ رکھا جاتا ہے۔ قانونی نوٹس میں تصاویر اور متعلقہ پوسٹس ہٹانے، معافی مانگنے اور آئندہ مذہبی عبارت کو ممکنہ بے ادبی کے انداز میں نہ دکھانے کی یقین دہانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عباس حفیظ نے مزید کہا کہ مذکورہ لاکٹ بھوپال کی بیگمات کی وراثتی نشانیوں سے منسوب بتایا جاتا ہے جسے بطور اظہارِ ایمان پہنا جاتا تھا نہ کہ محض فیشن کے لیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ اقدام ان کی ذاتی پہل ہے اور اسے کانگریس پارٹی، اس کی پالیسی یا سیاسی مؤقف سے جوڑا نہ جائے۔ اس تنازعہ کا مرکز وہ زمردی پینڈنٹ ہے جسے معروف سیلیبریٹی اسٹائلسٹ ریا کپور نے تقریباً 200 سال پرانی بھوپال کی سابق شاہی فیملی کی میراث قرار دیا تھا۔ ریا نے دیوالی کی مناسبت سے کریینہ کی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ یہی زیور پہنے نظر آئیں۔
تاریخی ربط کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکار سیف علی خان کی دادی ساجدہ سلطان، بھوپال کے آخری حکمران نواب حمیداللہ خان کی صاحبزادی تھیں۔ ان کی شادی افتخار علی خان پٹودی سے ہوئی اور اُن کے فرزند سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی تھے جو سیف علی خان کے والد ہیں۔
اسی تناظر میں مقامی ہندو تنظیم ہندو اتسو سمیتی کے صدر چندر شیکھر تیواری نے کریینہ کپور کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کو کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ تیواری کے مطابق لاکٹ گردن میں دل کے قریب پہنا جاتا ہے، اگر اس پر قرآنی عبارت ہے تو وہ اسے کسی بے ادبی کی جگہ ہرگز نہ پہنتیں، اس لیے معافی کا مطالبہ غیر ضروری ہے۔ انہوں نے یہ دلیل بھی دی کہ کریینہ، بھوپال کی سابق شاہی فیملی کی بہو ہونے کے ناطے اپنی ساس سے منسوب زیورات فطری طور پر پہن سکتی ہیں۔ ہندو اتسو سمیتی اور سنسکرتی بچاؤ منچ نے بھی اداکارہ کی کھل کر حمایت کی ہے۔
دوسری جانب کریینہ کپور یا ان کی نمائندگی کی جانب سے قانونی نوٹس پر فی الحال کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پوسٹس دیوالی کے موقع پر وائرل ہوئیں اور مختلف حلقوں میں مذہبی حساسیت اور اظہارِ رائے کی حدوں پر بحث چھڑ گئی۔ مبصرین کے مطابق آئندہ چند دنوں میں یا تو فریقین کے درمیان وضاحت یا قانونی عمل کی پیش رفت سامنے آسکتی ہے، تاہم اس مرحلے پر فریقین اپنی اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔






