Monday, November 09, 2026 | 28 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • دمہ کی علامات، وجوہات اور علاج پرمنصف ٹی وی کےپروگرام 'ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر ہرن ایس ریڈی کی تفصیلی گفتگو

دمہ کی علامات، وجوہات اور علاج پرمنصف ٹی وی کےپروگرام 'ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر ہرن ایس ریڈی کی تفصیلی گفتگو

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 09 Nov 2026

 دمہ کی علامات، وجوہات اور علاج پرمنصف ٹی وی کےپروگرام 'ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر ہرن ایس ریڈی کی تفصیلی گفتگو
 معروف میڈیا ادارے منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے مقبول ہیلتھ شو 'ہیلتھ اور ہم' میں ایک انتہائی اہم موضوع "دمہ (Asthma): علامات، وجوہات اور علاج" پر معلوماتی لائیو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں شہر  حیدرآبادکے نامور ماہرِ امراضِ باطن و ذیابیطس ڈاکٹر ہرن ایس ریڈی (Consultant Physician, Diabetologist & Critical Care Specialist، گلین ایگلز ہاسپٹل، لکڑی کا پُل، حیدرآباد) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور دمہ کے مرض سے جڑے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
 
دمہ کیا ہے اور یہ کیسے اثر انداز ہوتا ہے؟
ڈاکٹر ہرن ایس ریڈی نے آسان زبان میں سمجھاتے ہوئے بتایا کہ دمہ دراصل پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں کی ایک دائمی (Chronic) بیماری ہے۔ اس مرض میں مریض کی سانس کی نالیاں اندرونی سوجن کے باعث تنگ ہو جاتی ہیں، جس سے پھیپھڑوں تک آکسیجن کی سپلائی متاثر ہوتی ہے اور انسان کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
بنیادی علامات: کب الرٹ ہونا ضروری ہے؟
پروگرام کے دوران ڈاکٹر صاحب نے دمہ کی چند نمایاں علامات کا ذکر کیا، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے:
• سانس پھولنا یا تنگی محسوس ہونا: خاص طور پر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے یا کوئی مشقت کا کام کرتے ہوئے۔
• کھانسی کا دورہ: رات کے وقت یا صبح سویرے شدید کھانسی کا آنا۔
• سینے کی جکڑن: ایسا محسوس ہونا جیسے سینے پر کوئی بھاری دباؤ ہو۔
• سانس سے سیٹی کی آواز (Wheezing): سانس لیتے یا چھوڑتے وقت باریک سیٹی جیسی آواز نکلنا۔
 
دمہ کی وجوہات اور ٹریگرز (Triggers)
ڈاکٹر ریڈی نے واضح کیا کہ دمہ موروثی (جینیاتی) بھی ہو سکتا ہے اور ماحولیاتی بھی۔ انہوں نے چند ایسے عوامل کا ذکر کیا جو دمہ کے دورے کا سبب بنتے ہیں:
1. فضائی آلودگی اور دھواں: گاڑیوں کا دھواں، سگریٹ نوشی اور کارخانوں کی آلودگی۔
2. الرجی پیدا کرنے والی چیزیں: مٹی، دھول (Dust Mites)، پالتو جانوروں کے بال اور پھولوں کے پولن۔
3. موسمی تبدیلیاں: سردیوں کے موسم میں خشک اور ٹھنڈی ہوا دمہ کے مریضوں کی تکلیف بڑھا دیتی ہے۔
4. وائرل انفیکشن: نزلہ، زکام یا کھانسی کا بگڑ جانا۔
 
علاج اور بچاؤ کی تدابیر
معالج نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ دمہ کو مکمل طور پر ختم کرنا مشکل ہے، لیکن صحیح علاج اور احتیاط سے اس پر سو فیصد قابو پایا جا سکتا ہے۔
• انہیلیڑ (Inhalers) کا درست استعمال: انہوں نے انہیلر کو دمہ کا بہترین اور محفوظ ترین علاج قرار دیا، کیونکہ یہ دوا براہ راست پھیپھڑوں تک پہنچاتا ہے اور اس کے مضر اثرات (Side Effects) نہ ہونے کے برابر ہیں۔
• طبی معائنہ: مریضوں کو چاہیے کہ وہ خود سے دوائیں لینے کے بجائے کسی ماہر فزیشن سے رجوع کریں۔
• احتیاطی لائف اسٹائل: آلودہ ماحول میں ماسک کا استعمال کریں، ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں اور گھر کو مٹی دھول سے پاک رکھیں۔
منصف ٹی وی کے اس پروگرام کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا گیا کہ دمہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ بروقت تشخیص اور صائب طبی مشورے سے ایک عام اور صحت مند زندگی گزاری جا سکتی ہے۔
 

 قارئین آپ ڈاکٹرہرن ایس ریڈی اور کی بات چیت پرمشتمل ویڈیو یہاں👇 دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی دیگر ماہر ڈاکٹرز کی ہزاروں ویڈیوز منصف ٹی وی  ہیلتھ پر  دیکھ سکتےہیں۔