Sunday, September 27, 2026 | 13 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • نانی کی فلم ’دی پیراڈائز‘ میں کے سی آر سے مشابہ کردار پر سیاسی بحث

نانی کی فلم ’دی پیراڈائز‘ میں کے سی آر سے مشابہ کردار پر سیاسی بحث

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: 27 Sept 2026

 نانی کی فلم ’دی پیراڈائز‘ میں کے سی آر سے مشابہ کردار پر سیاسی بحث
 ستمبر24 کو ریلیز ہوئی تلگوادکار نانی کی فلم ’دی پیراڈائز‘ نے ابتدائی دنوں میں اچھی کمائی کی۔ 26 ستمبر تک اس فلم کی کمائی دنیا بھرمیں تقریباً 98.5 کروڑ روپے ہو گئی تھی ۔ فلم کو ملے جلے ردعمل کا سامنا ہے، جبکہ اس کی کہانی اور پیشکش پر ناقدین کی مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔
 
فلم میں (Priyadarshi Pulikonda) نے ایم ایل اے شنکر ’شنکرانا‘ راؤ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار کی شکل و صورت، تلنگانہ کے لہجے، انداز اور سیاسی طرزِ عمل میں سابق وزیر اعلیٰ تلنگانہ اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ (KCR) سے مماثلت دیکھی جا رہی ہے۔ اسی وجہ سے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین اس کردار کا موازنہ KCR سے کر رہے ہیں۔
 
KCR سے مشابہت رکھنے والے اس کردار نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں فلم کے مختلف کلپس شیئر کیے جا رہے ہیں۔ اداکار پریادرشی نے بھی اس کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ KCR کا کردار ادا کرتے وقت انہیں خوف محسوس ہوا۔ انہوں نے کردار کی تیاری کے لیے KCR کے لباس اور انداز کے بارے میں بھی تحقیق کی۔
 
یہ معاملہ اس وقت مزید سیاسی بحث کا موضوع بن گیا جب بی آر ایس کے، کے ٹی راما راؤ (KTR) نے حیدرآباد میں اپنے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ’دی پیراڈائز‘ دیکھی۔ ان کے ساتھ راجیہ سبھا رکن وددیراجو روی چندر، سابق وزرا جگدیش ریڈی اور تلسیانی سرینواس یادو اور رکن اسمبلی کوشک ریڈی بھی موجود تھے۔ KTR نے فلم دیکھنے سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ کئی سال بعد کسی فلم کو تھیٹر میں دیکھنے جا رہے ہیں۔
 
فلم میں KCR سے مشابہ کردار اور KTR کی جانب سے فلم دیکھنے کے بعد ’دی پیراڈائز‘ تلنگانہ میں فلم اور سیاست کے امتزاج سے جڑی بحث کا موضوع بن گئی ہے۔