پیشہ وارانہ طبی تعلیم کےلئے قومی داخلہ ٹیسٹ نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں قائم خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت نے بدھ کے روز سی بی آئی کی تفتیش اور دائرہ استغاثہ کا جائزہ لینے کے بعد اس کیس کے ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ اس مرحلے پر سی بی آئی کی جانب سے عائد تعزیری دفعات کے تحت تمام 14 نامزد افراد پر مقدمہ چلانے کے لیے بنیاد موجود ہے، اس کے ساتھ ہی کاپی رائٹ ایکٹ کی دفعہ 63 کے دائرے میں بھی الزامات وضع کیے جائیں گے۔ عدالت نے اگلی پیشی کے لیے 21 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے، جب ملزمین کی عدالت میں حاضری لازمی ہوگی اور الزامات باضابطہ طور پر فریم کیے جائیں گے، جبکہ 25 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔
عدالت کے سامنے جس فہرست ملزمان پر کاروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ ہوا، ان میں یش یادو، مانگی لال بیوال، دنیش بیوال، وکاس بیوال، شبھم خیرنار، دھننجے لوکھنڈے، پرہلاد یا پی وی کلکرنی، تیجس ہرشد کمار یا تیجس دبھاڑے، ڈاکٹر منوج شرورے، شیوراج رگھوناتھ موٹے گاؤںکر، منیشا واگھمارے، منیشا مندھارے اور منیشا سنجے حولدار شامل ہیں۔
عدالت نے کہا کہ تمام ملزمین کو 21 نومبر کو پیش ہونا ہوگا تاکہ فردِ جرم کے تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔ یہ کار روائی دہلی میں راؤز ایونیو کے اسی خصوصی فورم پر ہوگی، جو اس حساس معاملے کی تیز تر سماعت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ نیٹ-یو جی پیپر لیک کیس کی تحقیقات کے نتیجے میں ایک جامع چارج شیٹ تیار کی گئی ہے جو تقریباً 20 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق پہلی چارج شیٹ جولائی میں داخل کی گئی تھی اور 12 اگست کو فاسٹ ٹریک عدالت نے اس پر نوٹس لیتے ہوئے قانونی کاروائی کو اگلے مرحلے میں منتقل کیا۔
ایجنسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 موضوعاتی ماہرین نے دہلی میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے دفتر کے خفیہ شعبہ سے نیٹ امتحان کے سوالات مختلف طریقوں سے باہر نکالے۔ سی بی آئی کے مطابق وہاں داخلے اور اخراج کے وقت اہلکاروں یا ماہرین کی تلاشی کا باضابطہ نظام موجود نہیں تھا، نہ ہی سی سی ٹی وی کی لائیو فوٹیج کی نگرانی کے لیے کوئی مخصوص کنٹرول روم قائم تھا، جس کے باعث خفیہ ہال میں ہونے والی سرگرمیوں پر بروقت نظر نہ رکھی جا سکی۔
چارج شیٹ میں طریقۂ واردات کی تفصیل بھی درج ہے۔ ایک ملزم نے مبینہ طور پر سوالات کاغذ کی پرچیوں پر لکھ کر چھپائے، جبکہ 2 دیگر افراد نے سوالات یاد کیے اور ہوٹل کے کمروں میں جا کر انہیں تحریر کیا یا متعلقہ نصابی کتابوں میں نشان زد کر دیا۔ سی بی آئی کے مطابق ترجمہ اور دوبارہ ترجمہ کے ابتدائی مراحل کے لیے خفیہ شعبہ کے اندر سادہ کاغذی شیٹس فراہم تھیں، جنہیں ملزم پی وی کلکرنی نے استعمال کرتے ہوئے کیمسٹری کے 135 سوالات اور ان کے جوابی متبادل مختصراً نوٹ کر لیے۔







