Thursday, November 19, 2026 | 08 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • “بھارت معاشی تباہی کے دہانے پر”:راہل گاندھی کا بیان، بی جے پی کی سخت جوابی تنقید

“بھارت معاشی تباہی کے دہانے پر”:راہل گاندھی کا بیان، بی جے پی کی سخت جوابی تنقید

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 18 Nov 2026

 “بھارت معاشی تباہی کے دہانے پر”:راہل گاندھی کا بیان، بی جے پی کی سخت جوابی تنقید

لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہل گاندھی نے منگل کے روز ریاستہائے متحدہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگایا کہ ہندوستان “ایک معاشی تباہی” پر بیٹھا ہے، جہاں بے روزگاری بہت بڑھی ہوئی ہے اور مینوفیکچرنگ کی بنیاد کمزور پڑ چکی ہے۔ ان کے اس بیان نے ہندوستان میں سیاسی ہلچل پیدا کردی، اور بی جے پی نے اسے ملک کی ترقی کو کمزور دکھانے کی کوشش قرار دے کر سخت تنقید کی۔

راہول گاندھینے کہا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ میڈیا چاہے تو اسے نظرانداز کر دے، مگر ہندوستان کو بڑے پیمانے پر روزگار کے بحران اور تعلیم کے نظام میں سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کے لیے باعزت اور پائیدار روزگار پیدا نہ ہونا سماجی بے چینی کو ہوا دیتا ہے اور اسی وجہ سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں احتجاجی لہریں اٹھتی رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیفیت صرف ہندوستان میں نہیں، بلکہ امریکہ اور برازیل جیسے ممالک سمیت کئی جگہ کیوں دیکھنے میں آ رہی ہے، اور کہا کہ عالمی سطح پر معاشی ڈھانچے میں دراڑیں اس مشترکہ بے چینی کی وجہ بن رہی ہیں۔

راہل گاندھی نے وضاحت کی کہ ان کے نزدیک ہندوستان کی نسبتاً کم لاگت اور بڑی آبادی نوجوانوں کے لیے روزگار تخلیق کرنے کے کچھ مواقع فراہم کرتی ہے، تاہم انہوں نے زور دیا کہ اگر نظامی اصلاحات نہ کی گئیں تو یہ مواقع دیرپا حل ثابت نہیں ہوں گے۔ انتخابی عمل کے متعلق انہوں نے اپنے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ انتخابی نظام کو بحال کرنا ضروری ہے، ورنہ کوئی بڑی تبدیلی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت موجود ہیں، اور اب نظام کے اندر سے کئی افراد خوف کے باوجود بات کرنے لگے ہیں، جسے وہ مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کے مقابل حکومت کا ردِعمل “سخت اور جارحانہ” ہو سکتا ہے۔ یہ خطاب ان کے امریکہ میں طے شدہ دو عوامی پروگراموں میں سے پہلا تھا، اور وہ بدھ کے روز یونیورسٹی آف شکاگو میں بھی گفتگو کرنے والے ہیں۔

دوسری جانب بی جے پی نے بدھ کو نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہل گاندھی پر بیرونی دوروں کے دوران بار بار “جھوٹے بیانات” دینے اور ہندوستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیا نے کہا کہ جب بھی راہول گاندھی بیرونِ ملک جاتے ہیں تو ایسے دعوے کرتے ہیں جن کا مقصد ہندوستان کی پیش رفت کو کمزور دکھانا اور ملک کی بڑھتی ہوئی عالمی شناخت کو دھندلانا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق جب ملک کئی محاذوں پر پیش رفت کر رہا ہے تو ایسے بیانات ہندوستان کی بین الاقوامی پوزیشن کو متاثر کرتے ہیں، اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہریوں کو ایک ایسے قائدِ اپوزیشن کے اقوال پر کیوں شرمندہ ہونا چاہیے جو وطن کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرتا ہے۔

بی جے پی کے ایک اور ترجمان پردیپ بھنڈاری نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ راہل گاندھی “اینٹی انڈیا پروپیگنڈا” کے لیڈر بن چکے ہیں، اور ان کے بقول ہندوستان کی ترقی اور جمہوریت سے “نفرت” انہیں بیرونِ ملک جا کر ہندوستان کے خلاف بولنے پر آمادہ کرتی ہے، جو قومی وقار کے منافی ہے۔ اس سیاسی کشمکش کے دوران راہول گاندھی کے حامی ان کے نکات کو نظامی اصلاحات اور روزگار پر فوری توجہ کی اپیل سمجھتے ہیں، جبکہ مخالفین اسے بیرونِ ملک بیٹھ کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی معیشت میں بلند شرح نمو کے ساتھ روزگار کے معیار اور تعداد کا عدم توازن عرصے سے زیرِ بحث ہے، اور تعلیم، ہنر سازی اور صنعتی پالیسی کے تقاضے اس مباحثے کے اہم پہلو ہیں۔ موجودہ تنازعہ انتخابی شفافیت، میڈیا کے کردار، اور عالمی سطح پر ہندوستان کے امیج جیسے حساس موضوعات کو بھی مرکزِ نگاہ بنا رہا ہے۔ اب نگاہیں شکاگو میں راہل گاندھی کے اگلے خطاب اور اس پر آنے والے ردِعمل پر مرکوز ہیں، جبکہ بی جے پی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک ہندوستان کے خلاف کسی بھی بیان کی سختی سے مزاحمت کرے گی۔