Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد میٹرو کے لیے آئی آر ایف سی کے 13,600 کروڑ کے قرض پر مرکزی وزیر اشوِنی ویشنَو کی لاعلمی کا دعویٰ

حیدرآباد میٹرو کے لیے آئی آر ایف سی کے 13,600 کروڑ کے قرض پر مرکزی وزیر اشوِنی ویشنَو کی لاعلمی کا دعویٰ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 24 Nov 2026

حیدرآباد میٹرو کے لیے آئی آر ایف سی  کے 13,600 کروڑ کے قرض پر مرکزی وزیر اشوِنی ویشنَو کی لاعلمی کا دعویٰ

حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ 1 کے تحویلِ عمل اور مرحلہ 2 کی توسیع کے متعلق ایک بڑی پیش رفت میں مرکزی وزیر ریلوے اشوِنی ویشنَو نے پیر 23 نومبر کو نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قرض کے معاملے سے واقف نہیں ہیں جس کے تحت حیدرآباد میٹرو کے لیے انڈین ریلوے فنانس کارپوریشن سے 13,600 کروڑ روپے کی رقم تلنگانہ کو دستیاب ہونی تھی۔ یہ رقم لارسن اینڈ ٹوبرو سے میٹرو فیز 1 کو ریاستی حکومت کے تحویل میں لینے کے لیے ری فنانسنگ پیکیج کے طور پر طے کی گئی تھی۔

ریاستی حکومت نے 25 مئی کو IRFC کے ساتھ ری فنانسنگ معاہدے پر دستخط کیے تھے، تاہم تاحال رقم موصول نہیں ہوئی۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کے مطابق IRFC نے نہ تو قرض جاری کیا ہے اور نہ ہی معاہدہ منسوخ کیا ہے، جس سے ریاست ایک غیر یقینی صورتِ حال میں پھنس گئی ہے اور مالیاتی منصوبہ بندی تعطل کا شکار ہے۔ وزیر اعلیٰ اے ریوَنت ریڈی نے 22 جون کو مرکزی وزیر آشوِنی ویشنَو سے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے ہمراہ ملاقات کی تھی اور رقم کی اجرائی کی درخواست کی تھی، مگر نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

تاخیر کے باعث وقت کا نقصان پہلے ہی ہو چکا ہے۔ ایل اینڈ ٹی نے فیز 1 کی حوالگی کی آخری تاریخ 1 مئی سے بڑھا کر اس سال دسمبر کر دی ہے اور اس توسیع سے متعلق اطلاع نیشنل اسٹاک ایکسچینج اور بمبئی اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت پر لازم ہے کہ وہ اس نئی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی تحویل کا عمل مکمل کرے تاکہ آپریشنل کنٹرول میں بلا رکاوٹ منتقلی ممکن ہو سکے۔

نئی دہلی میں گفتگو کے دوران آشوِنی ویشنَو نے یہ بھی کہا کہ حیدرآباد میٹرو فیز 2 ان کی وزارت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ مرکزی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ پہلے تفصیلی منصوبہ رپورٹ کا جائزہ لے گی اور چاہتی ہے کہ فیز 1 کی تحویل کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی فیز 2 پر مزید پیش رفت ہو۔ دوسری جانب ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ 122 کلومیٹر طویل توسیع، جس کی اندازاً لاگت 38,595 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، مرکز اور ریاست کی مشترکہ شراکت سے آگے بڑھے۔ تاہم مرکز سے فنڈنگ اور ڈی پی آر کی منظوری کی متعدد درخواستوں پر ابھی تک کوئی باضابطہ جواب نہیں آیا۔

قرض وصولی میں تعطل کے سبب تلنگانہ حکومت متبادل قرض دہندگان کی کھوج میں ہے، جن میں جاپانی مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں جو نسبتاً کم شرحِ سود کی پیشکش کرتے ہیں۔ چونکہ ریاستی کابینہ کی سابقہ منظوری خاص طور پر IRFC کے لیے تھی، اس لیے حکومت قرض دہندہ کی تبدیلی کے واسطے نئی منظوری لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ شہری انتظام و شہری ترقیات کے محکمے کے ایک سینئر افسر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام قانونی اور سرکاری تقاضے پورے کیے جائیں گے تاکہ شفاف طریقۂ کار کے ذریعے مالی کاروائی ممکن ہو۔