Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Crime

این آئی اے کے سینئر ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ کو رشوت لیتے ہوئے کیا گیا گرفتار،منورما دیوی کے بیٹے نے کی تھی شکایت

بہار میں رشوت لینے کے معاملے میں بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ این آئی اے کے ایک ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ اور ان کے دو ایجنٹوں کو سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔انہیں 20 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ 
سی بی آئی نے یہ کارروائی رمایا کنسٹرکشن کے مالک اور جے ڈی یو کی سابق ایم ایل سی منورما دیوی کے بیٹے راکی ​​یادو کی شکایت پر کی ہے۔ راکی یادو نے ہی این آئی اے کے ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ پر رشوت مانگنے کا الزام لگایا تھا۔
دراصل گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو این آئی اے کی ٹیم نے گیا کے اے پی کالونی میں جے ڈی یو کی سابق ایم ایل سی منورما دیوی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ یہ چھاپہ تقریباً 20 گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران 4.3 کروڑ روپے نقد اور بہت سے ہتھیار برآمد ہوئے۔ 
یہ چھاپہ این آئی اے پٹنہ برانچ کے ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ کی قیادت میں مارا گیا۔ 
اس کے بعد رامایا کنسٹرکشن کے مالک راکی ​​یادو نے این آئی اے کے ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ پر رشوت مانگنے کا الزام لگایا تھا۔ 
اس نے اس کی شکایت سی بی آئی سے کی تھی۔ بتایا گیا کہ ڈی ایس پی نے اسے نکسلی معاملے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر ڈھائی کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ 
جانچ میں اس شکایت کی تصدیق ہونے کے بعد، سی بی آئی کی ٹیم نے جمعرات (03 اکتوبر) کو دیر رات 'گیا' سے ڈی ایس پی کے دو ایجنٹوں کو 20 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔ این آئی اے کے ڈی ایس پی اجے پرتاپ سنگھ کو پٹنہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ 
خبر یہ بھی ہے کہ سی بی آئی نے یوپی میں رہنے والے ڈی ایس پی اور ان کے رشتہ داروں کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔
جے ڈی یو کی سابق ایم ایل سی منورما دیوی کے پی اے رویندر یادو نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ این آئی اے کے چھاپے کے پیچھے آر جے ڈی کے ایک سرکردہ لیڈر کا ہاتھ ہے۔ 
بتایا جاتا ہے کہ دو ایجنٹوں کی گرفتاری میں سی بی آئی کی ٹیم میں 6 ایس پی اور 4 ڈی ایس پی رینک کے افسر شامل تھے۔ اس پورے معاملے کی تصدیق این آئی اے نے جمعہ کی صبح (04 اکتوبر) کو ایک بیان جاری کرکے کی ہے۔