Saturday, September 13, 2025 | 21, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • مکہ مسجد سے کل بعد نماز ظہر مرکزی میلاد جلوس۔ نوجوانوں سےعقیدت واحترام کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل

مکہ مسجد سے کل بعد نماز ظہر مرکزی میلاد جلوس۔ نوجوانوں سےعقیدت واحترام کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Sep 13, 2025 IST     

image
حضوراکرم ﷺکی 1500ویں جشن میلاد کے ضمن میں اتوار 14 ستمبر کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد سے مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدر آباد کے زیر اہتمام اس مرکزی جلوس میں شہر کے مختلف مقامات سے مختلف چھوٹے جلوس شامل ہوں گے۔ مکہ مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاه کی دعا ہو گی۔ مولانا سید احمد بادشاہ قادری زرین کلاه معتمد عمومی مجلس و سابقہ رکن اسمبلی سبز جھنڈی دکھا کر جلوس کو روانہ کریں گے۔

مرکزی جلوس کا راستہ

یہ جلوس چارمینار، گلزارحوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، نیاپل، سالارجنگ میوزیم، دارالشفاء چوراہا، پرانی حویلی، منڈی میرعالم، اعتبارچوک، کوٹلہ عالیجاه، بی بی بازار چوراہا سے والٹا ہوٹل چوراہا مغل پورہ پر اختتام کو پہنچے گا۔ مولانا سید شیخین احمد قادری شطاری کامل پاشاہ صدر مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے بتایا کہ جلوس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس کے لا اینڈ آرڈر اور ٹریفک شعبہ جات سے اشتراک و تعاون کرتے ہوئے عشق و محبت ، امن و عقیدت کے ساتھ جلوس نکالا جائے گا۔

آرگنائزرس سے خواہش

 انہوں نے مختلف محلہ جات سے آنے والے آرگنائزرس سے خواہش کی کہ وہ بروقت مکہ مسجد پہنچ جائیں۔ مولانا سید قادر گی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاه معتمد مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے کہا کہ یہ مرکزی جلوس ظہر تا عصر نکالا جائے گا۔ اس لئے مختلف محلہ جات سے آنے والے جلوسی وقت پر مرکزی جلوس میں شامل ہو جائیں ۔ مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی کنویز مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ جوق در جوق جلوس میں شامل ہوں ۔ 

حضور پاک سے محبت اور غلامی کا ثبوت دیں 

جلوس میں حضور پاک سے محبت اور غلامی کا ثبوت دیتے ہوئے پاک وصاف لباس زیب تن کر کے درود شریف کے نذرانے پیش کرتے ہوئے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور نعرہ رسالت یا رسول اللہ کی صدائیں بلند کریں۔ غیر ضروری گاڑیوں کو دوڑانے کے علاوہ سیٹیاں اور سائرن بجانے سے احتراز کریں۔ نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر برادران وطن کے لئے بھی مثالی نمونہ بنیں۔ جلوس کے دوران خیر اور فلاح و بہبود کے کام ر انجام دیں۔ وقت مقررہ پر مرکزی جلوس شروع ہوگا اور مقررہ وقت پر اختتام کو پہنچے گا۔ انہوں نے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے والٹیرس سے خواہش کی کہ وہ مقررہ حساس مقامات پر کھڑے ہو کر جلوس کے نظم و ضبط کو بحال رکھیں۔

شہر میں ٹریفک تحدیدات 

جلوسوں کی نقل و حرکت کے لحاظ سے ٹریفک یا تو روک دی جائے گی یا موڑ دی جائے گی۔متاثرہ جنکشن اور راستوں میں شامل ہیں: فلک نما، انجن باؤلی، ناگول چنتا ایکس روڈ، ہمت پورہ جنکشن، وولگا، ہری بوولی، پنچ محلہ، چارمینار، گلزار ہاؤس، پٹارگھٹی، مدینہ جنکشن، دہلی گیٹ، نیاپول، ایس جے روٹری جنکشن، دارالشفاء، پرانی حویلی ۔میر عالم منڈی، اعتبار چوک، عالیجاہ کوٹلہ، بی بی بازار، وولٹا ہوٹل، افضل گنج ٹی جنکشن، عثمان گنج، ایم جے مارکیٹ جنکشن، تاج جزیرہ، نامپلی ٹی جنکشن، حج ہاؤس، اور اے آر پیٹرول پمپ (نامپلی)۔

 ٹریفک پولیس کا عوام کومشورہ

حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان مذکورہ راستوں سے گریز کریں اور ٹریفک کی بھیڑ کو روکنے کے لیے متبادل سڑکوں کا استعمال کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے، مسافر سفری مدد کے لیے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 9010203626 پر پہنچ سکتے ہیں۔

تعاون کرنے پولیس کی اپیل

جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) ڈی جوئل ڈیوس، آئی پی ایس، نے عوام سے تعاون بڑھانے اور امن و سلامتی کے مفاد میں جلوسوں کی آسانی سے گزرنے کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔

 پولیس کمشنرکی ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند، آئی پی ایس، ڈائرکٹر جنرل اور کمشنر آف پولیس،  نے حیدرآباد سٹی نے شہر کے تمام پولیس افسران اورعملہ کے ساتھ 14 ستمبر کو ہونے والے میلاد النبی کے جلوس اور آئندہ درگا نوراتری کی تقریبات کے لیے سیکورٹی اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ویڈیو کانفرنس طلب کی۔

 ڈی جے اور پٹاخوں پر پابندی 

ساوتھ زون ڈی سی پی۔اسنیہا مہرا نے بتایاکہ میلاد جلوس کےدوران  ڈی جے، پٹاخوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ڈی سی پی  ساوتھ  زون اسنیہا مہرا نے  عوام پر زور دیا کہ وہ ہموار اور منظم جلوسوں کے لیے ظہر کی نماز کے فوراً بعد میلادجلوس شروع کریں۔والدین اور کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ پرامن، باوقار تقریب کے لیے نوجوانوں کی رہنمائی کریں۔