Monday, April 27, 2026 | 09 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • یوپی وقف املاک کے 12,000 رجسٹریشن منسوخ ،جانیے اب آگے کیا؟

یوپی وقف املاک کے 12,000 رجسٹریشن منسوخ ،جانیے اب آگے کیا؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 27, 2026 IST

یوپی وقف املاک کے 12,000 رجسٹریشن منسوخ ،جانیے اب آگے کیا؟
اتر پردیش میں وقف املاک کے لیے ڈیجیٹلائزیشن مہم کے تحت، 'امید پورٹل' پر اہم کارروائی کی گئی ہے۔ دستاویزات میں خامیوں اور غلط معلومات جمع کرانے کی وجہ سے ریاست بھر میں 12,000 سے زیادہ وقف اداروں کے رجسٹریشن کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لکھنؤ اور بجنور کے اضلاع اس فہرست میں سب سے آگے ہیں۔ متاثرہ اداروں کو اپنی غلطیوں کو درست کرنے اور 5 جون تک دوبارہ درخواست دینے کا حتمی موقع دیا گیا ہے، جس کا مقصد ان جائیدادوں کا شفاف ڈیجیٹل ریکارڈ قائم کرنا ہے۔
 
12000 رجسٹریشن کیوں منسوخ کی گئی؟
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان رجسٹریشنز کی منسوخی کی بنیادی وجوہات ڈیٹا انٹری میں غلطیاں اور نامکمل دستاویزات تھیں۔ بہت سے اداروں نے پورٹل پر معلومات جمع کرائیں لیکن اس کی تصدیق کے لیے ضروری قانونی دستاویزات اپ لوڈ کرنے میں ناکام رہے۔ 
 
چھوٹی مساجد سے لے کر بڑے قبرستان متاثر:
 
ذرائع کے مطابق متاثرہ جائیدادوں میں چھوٹی مساجد کی اراضی سے لے کر 300 ایکڑ سے زائد پر پھیلے بڑے قبرستان تک شامل ہیں۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مسترد شدہ کیسز میں سب سے زیادہ تعداد قبرستانوں سے منسلک ہے، اس کے بعد مساجد کی رجسٹریشن ہے۔ مزید برآں، مدارس، عیدگاہیں، امام بارگاہیں، درگاہیں اور آمدنی پیدا کرنے والی جائیدادیں بھی اس کاروائی سے متاثر ہوئی ہیں۔
 
وقف بورڈ  کی ہدایت:
 
وقف بورڈ نے واضح کیا ہے کہ 5 جون تک پورٹل پر تمام وقف املاک سے متعلق درست ڈیٹا درج کرنا لازمی ہوگا۔ 6 جون اس ڈیٹا کو پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی آخری آخری تاریخ ہے۔ اگر مقررہ مدت کے اندر ضروری تصحیح نہیں کی گئی تو جائیدادوں کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے گا، اور انہیں وقف اثاثوں کے طور پر مزید ریکارڈ نہیں کیا جائے گا۔ 
 
خیال رہے  کہ سنی وقف بورڈ کے تحت 126,000 سے زیادہ وقف ادارے ہیں۔ یہ پورا عمل مرکزی حکومت کے 'امید' پورٹل کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، جسے گزشتہ سال جون میں وقف املاک کے ڈیجیٹل ریکارڈ بنانے اور شفافیت کو بڑھانے کے مقصد سے شروع کیا گیا تھا۔