Thursday, May 15, 2025 | 17, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • پنجاب میں زہریلی شراب پینے سے 14 افراد کی موت، متعدد کی حالت تشویشناک، 5 ملزمان گرفتار

پنجاب میں زہریلی شراب پینے سے 14 افراد کی موت، متعدد کی حالت تشویشناک، 5 ملزمان گرفتار

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 13, 2025 IST     

image
پنجاب کے ضلع امرتسر کے مجیٹھا حلقے کے پانچ گاؤں میں زہریلی شراب پینے سے 14 افراد کی موت ہو گئی۔ ساتھ ہی کئی لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 5 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں 2 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔تاہم اس واقعہ کے فوراً بعد پولس انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر ساکشی ساہنی موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی جانچ کی۔ گاؤں والوں نے بتایا کہ کل رات سے ہی معاملات سامنے آنا شروع ہو گئے تھے۔ زہریلی شراب پینے والوں کی طبیعت اچانک بگڑتے ہی انہیں اسپتال لے جایا گیا۔
 
ڈپٹی کمشنر ساکشی ساہنی نے بتایا کہ تھریوال، مراری کلاں، تلونڈی گھمن، پتل پوری اور بھنگالی گاؤں میں زہریلی شراب پینے سے 14 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اب تک مزید 6 افراد کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ضروری امداد فراہم کی جائے گی۔ زہریلی شراب کے واقعے پر بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم گروسمرن سنگھ ڈھلون نے کہا کہ 10 لوگوں کی لاشیں امرتسر کے سول اسپتال پہنچی ہیں، جن کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
 

تین گاؤں میں غم  کی لہر:

گاؤں والوں نے بتایا کہ جب یہ واقعہ سامنے آیا تو گرودواروں میں اعلان کیا گیا تاکہ جن لوگوں نے گزشتہ روز شراب پی تھی اور وہ بیمار تھے انہیں علاج کے لیے بھیجا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق تھریوال، مراری اور بھنگالی گاؤں میں زہریلی شراب پینے سے متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جن کی حالت تشویشناک ہے وہ کچھ بول بھی نہیں سکتے۔
 

زہریلی  شراب کے کاروبار کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کون؟

ایس ایس پی منندر سنگھ نے کہا کہ کل رات تقریباً 8 بجے اطلاع ملی کہ یہاں لوگوں کی موت زہریلی  شراب پینے سے ہوئی ہے۔ اس کے بعد اس معاملے سے جڑے 5 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں مرکزی ماسٹر مائنڈ پربھجیت سنگھ بھی شامل ہے۔ ملزمان کی مشینری بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔اس واقعے کے بعد پولیس انتظامیہ متحرک ہے۔ پولیس کے مطابق بھجیت سنگھ زہریلی  شراب ریکیٹ کا مبینہ ماسٹر مائنڈ ہے۔ امرتسر دیہی ایس ایس پی منیندر سنگھ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں کلبیر سنگھ عرف جگو (پربجیت کا بھائی)، صاحب سنگھ عرف سرائے (مراڑی کلاں)، گرجنت سنگھ اور نیندر کور (تھرانوال) شامل ہیں۔