مہاراشٹرا میں ایک خوفناک سانحہ پیش آیا ہے۔ ممبئی سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ویرار میں چار منزلہ عمارت کا پچھلا حصہ گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ اس حادثہ میں 17 افراد ہلاک ہو گئے اور نو افراد کو کامیابی سے بچالیا گیا۔ ضلع پالگھر کے ویرار علاقے میں بدھ کی علی الصبح پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی چوتھی منزل پر ایک سالہ بچی کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی کہ عمارت کے ایک ونگ گر گیا۔ جس میں 12 فلیٹ گر گئے، رہائشی اور مہمان ملبے تلے دب گئے۔ مہلوکین میں بچہ بھی شامل ہے۔
عمارت غیر قانی تعمیر کی گئی تھی
وسائی ویرا ر مونسپل کارپوریشن نے بعد میں تصدیق کی کہ یہ عمارت سال 2012 میں غیر قانونی تعمیر کی گئی تھی۔ اس میں تقریباً 50 فلیٹ تھے۔12 اس حصہ میں واقع تھے جو منہدم ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچی اور بچاؤ کام شروع کیا۔ بھاری مشینری سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ عمارت گرنے سے کئی خاندان ملبے میں پھنس گئے۔
عمارت کے مالک پر معاملہ درج
ضلع کلکٹر اندو رانی جاکھڑ نے کہا کہ ان سبھی کو چندن سر سماج مندر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو خوراک، پانی اور طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اس وقت جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے اس واقعے میں عمارت کے مالک نیتل گوپی ناتھ سائیں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔
مہلوکین کے لواحقین کو5لاکھ معاوضہ
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا، جبکہ این ڈی آر ایف کی زیر قیادت امدادی کارروائیاں بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں جاری ہیں۔وزیر اعلیٰ کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک سترہ افراد کی موت ہو چکی ہے، اور وزیر اعلیٰ فڈنویس نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔"ہم ان تمام خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اب تک نو افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔