مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس (TMC) کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی پر ہوئے حملے کے معاملے میں 5 لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان میں تپن میتی اور آکاش بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھے گئے تھے۔دوسری طرف، ٹی ایم سی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس حملے کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر حملے کے وقت ہیلمٹ نہ ہوتا، تو ابھیشیک کی جان جا سکتی تھی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ابھیشیک بنرجی جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے سونارپور میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ اسی دوران ایک ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور ریاست کی سیاست گرما گئی۔
ممتا بنرجی کے بی جے پی پر سنگین الزامات:
ٹی ایم سی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس حملے کا ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) کو ٹھہرایا ہے، تاہم بی جے پی نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے یہ الزام بھی لگایا کہ ابھیشیک بنرجی کو طبی سہولیات کی فراہمی سے روکنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ہسپتال انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کا الزام:
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہسپتال انتظامیہ پر بھی سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی رہنماؤں اور ایک سینیئر پولس افسر نے ہسپتال پر دباؤ ڈال کر ابھیشیک کو تشویشناک حالت کے باوجود زبردستی ڈسچارج کروایا۔
انہوں نے کہا!اقتدار میں بیٹھے لوگ ہسپتالوں اور متعلقہ حکام پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ ابھیشیک بنرجی کو داخل نہ کیا جائے، کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کا علاج ہو۔
انہوں نے سوال اٹھایا؛ڈاکٹروں اور ہسپتال کو بی جے پی رہنماؤں اور ڈپٹی کمشنر آف پولس (جنوبی) کی طرف سے دھمکی آمیز فون آ رہے تھے۔ اگر ابھیشیک بنرجی کی حالت تشویشناک نہیں تھی، تو انہیں آئی ٹی یو (ITU) میں کیوں داخل کیا گیا تھا اور بعد میں دباؤ میں لا کر انہیں چھٹی کیوں دے دی گئی؟
میڈیکل رپورٹ:
دوسری طرف، بیل ویو کلینک کی طرف سے جاری کردہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق، 30 مئی 2026 کو ابھیشیک بنرجی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد بتایا کہ انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی ہے۔میڈیکل رپورٹ میں صرف سینے پر ایک ہلکی خراش یا نیل (Bruise) کا ذکر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے ان کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں بتائی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں نارمل سلائن، رنگرز لیکٹیٹ اور درد کش ادویات (Painkillers) دی گئیں۔
انتخابی تشدد کے بعد سونارپور کے دورے پر تھے ابھیشیک:
واضح رہے کہ گزشتہ روز ابھیشیک بنرجی جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے سونارپور میں مبینہ طور پر انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد میں ہلاک ہونے والے ٹی ایم سی کارکن سنجو کرماکر کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ اسی دوران بی جے پی کارکنوں نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کر دیا۔
اس ہنگامے کے دوران ابھیشیک بنرجی پر انڈے اور پتھر پھینکے گئے اور بی جے پی کارکنوں نے 'چور چور' کے نعرے لگائے۔ حملے کے وقت سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر ابھیشیک کو ہیلمٹ پہنا کر ان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔