رجب المرجب کا چاند نظر آتے ہی اجمیر میں سلطان الہند خواجہ غریب نوازؒ کے 814 ویں عرس تقاریب کا آغاز ہوگیا۔ چیرمین آل انڈیا صوفی سجادگان کونسل اور سجادہ نشین سید نصیرالدین چشتی نے عرس تقاریب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سید نصیرالدین چشتی نے کہاکہ خواجہ غریب نواز کے 814 ویں عرس کے موقع پر پہلا غسل انجام دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس عہدیداروں کے بشمول سب کے تعاون سے یہ رسم انجام دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ اس موقع پر پورے ملک کی عوام کیلئے دعا کی گئی جبکہ ملک میں امن وامان کیلئے بھی خصوصی طورپر دعا کی گئی۔ واضح رہےکہ سلطان الہند کے عرس کے موقع پر ہندوستان کےعلاوہ دیگر ممالک سے بھی معتقدین بڑی تعداد میں شریک ہورہے ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت اور انتظامی کمیٹی کی جانب سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔
شاہی محفلیں اور قوالیاں
عرسِ مبارک کے ایام میں روزانہ درگاہ کے مہمان خانے میں شاہی محفلوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں معروف قوال حضرات صوفیانہ کلام اور روح نواز قوالیوں کے ذریعے بارگاہِ خواجہ میں اپنی عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ محفلوں میں شریک زائرین وجدانی کیفیت میں نظر آتے ہیں۔
عرس سے قبل 17 دسمبر کو بھیلواڑہ کے گوری خاندان کی جانب سے بلند دروازے پر پرچم لہرانے کے بعد ہی زائرین کی بڑی تعداد اجمیر شریف پہنچنے لگی تھی۔ عرس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے جامع سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ درگاہ احاطے اور شہر کے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ اضافی پولیس فورس، ہوم گارڈز اور رضاکاروں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ زائرین کو پرامن اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو آج درگا حضرت خواجہ اجمیری ؒپر دیں گے حاضری
مرکزی وزیر پارلیمانی امور کرن رجیجو آج درگا حضرت خواجہ اجمیری ؒ پر حاضری دیں گے۔ درگاہ اجمیر کیلئے روانہ ہونے سے قبل کرن رجیجو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ میرے لئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ مجھے خواجہ غریب نواز کی درگا پر حاضری دینے کا موقع مل رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ اس موقع پر وہ سب کیلئے خاص طورپر ملک کی ترقی کیلئے دعا کریں گے۔ اس موقع پر کرن رجیجو نے منریگا کے نام کی تبدیلی سے متعلق جاری تنازعہ پر بھی اپنا ردعمل دیا۔