آندھراپردیش میں حکمراں تلگودیشم پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات بڑے دھوم دھام سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ ٹی ڈی پی قائدین پارٹی کا 43 واں یوم تاسیس شاندار طریقے سے منارہے ہیں۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے تلگو دیشم پارٹی کے یوم تاسیس پر اس کے قائدین اور کارکنوں کو نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تلگو دیشم پارٹی وہ پارٹی ہے جسے تلگو عوام نے 43 سالوں سے اپنے دلوں میں رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کی کامیابی کی وجہ کارکنوں کی غیر متزلزل جدوجہد، عزم اور قربانی ہے۔
چندرابابو نائیڈو نے تلگو دیشم کی ستائش کی کہ وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے کارکنان جئے تلگودیشم کے نعرے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سے تلگو عوام کی عزت نفس میں اضافہ ہوا ہے اور انہیں عالمی سطح پر پہچان ملی ہے۔ چیف منسٹر نے خواتین کیلئے کھڑے ہونے، کسانوں کے آنسو پونچھنے اور ان کا سہارا بننے پر کارکنوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی کی پرچم کشائی انجام دی گئی جس میں ریاستی وزیر نارا لوکیش اور دیگر وزرا اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
تلگودیشم پارٹی لیڈر اور اے پی کے ریاستی وزیر نارا لوکیش نے پارٹی کے 43 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔ نارا لوکیش نے کہاکہ تلگو دیشم ایک ایسی پارٹی ہے جو ترقی اور عوامی بہبود کیلئے ابھری ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریبوں کی بھوک مٹانے کیلئے آنجہانی ننداموری تارک راما راؤ نے صرف دو روپے میں ایک کلو چاول فراہم کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ معاشرہ مندر ہے اور لوگ دیوتا ہیں۔ تلگو دیشم ایک ایسی پارٹی ہے جس نے سماج کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کو سماجی، اقتصادی اور سیاسی طور پر حمایت اور گلے لگایا ہے۔ نارا لوکیش نے کہاکہ تلگو دیشم پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر سبھی کو مبارکباد جو آج سوارن آندھرا کی تکمیل کیلئے کام کر رہی ہے۔