آندھرا پردیش کے چتور ضلع میں جمعہ کی دیر رات ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں ایک خاندان کے تین افراد کی جان چلی گئی۔ یہ حادثہ پلما کلپلی کے قریب بنگلورو نیشنل ہائی وے پر پیش آیا، جب ان کی کار سڑک پر کھڑی ایک APSRTC بس سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں کار بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تینوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی ۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار میں سوار لوگ بنگلورو سے تیروملا کی یاترا پر جا رہے تھے۔ پولیس نے اس معاملے میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور حادثے کی تفتیش جاری ہے۔
بس پلامانیر سے پتوڑ کی طرف جا رہی تھی:
پولیس کے مطابق، حادثے کے وقت بس پلامانیر سے پتوڑ کی طرف جا رہی تھی اور سڑک کے کنارے رک گئی تھی۔ اسی دوران تیز رفتار سے آ رہی کار نے بس کے پچھلے حصے سے بھیانک ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا سامنے کا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور کار میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے خاندان کے افراد کی شناخت 46 سالہ سریدھر راؤ، ان کی 40 سالہ بیوی لکشمی اور ان کی 16 سالہ بیٹی ادویکا کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ سبھی تلنگانہ کے ورنگل کے رہنے والے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی:
مقامی لوگوں نے فوری طور پر حکام کو حادثے کی اطلاع دی۔ پولیس اور ایمرجنسی ٹیم نے واقعہ کی جگہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن اور سڑک سے گاڑی ہٹانے کا کام شروع کیا۔ مرنے والوں کی لاشیں بنگروپالم کے سرکاری علاقائی ہسپتال میں منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کی تھکاوٹ اس حادثے کے اہم اسباب رہے۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔