دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے اجلاس کے دوران خواتین کونسلرز کے بارے میں قابلِ اعتراض الفاظ استعمال کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے میئر راجہ اقبال سنگھ کے خلاف عام آدمی پارٹی (عاپ) نے زبردست احتجاج کیا۔ ہفتہ کے روز سِوک سینٹر میں واقع میئر کے دفتر کے باہرعاپ کونسلرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور میئر سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔
عاپ لیڈروں نے انوکھا احتجاج
یہ احتجاج ایم سی ڈی میں اپوزیشن لیڈر انکوش نارنگ کی قیادت میں ہوا، جس میں پارٹی کے کئی کونسلرز شریک ہوئے۔ مظاہرین نے بی جے پی اور میئر کے خلاف نعرے بازی کی اور خواتین کی توہین کے خلاف سخت موقف اختیار کیا۔ احتجاج کے دوران علامتی طور پر بھیڑیں لائی گئیں، جس کے ذریعے بی جے پی قیادت پر طنز کیا گیا۔
میئر کو برطرف کر نے کا مطالبہ
عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاستی کنوینر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ میئر راجہ اقبال سنگھ نے خواتین کونسلرز کو ’’بھیڑ بکریاں‘‘ کہہ کر نہ صرف منتخب عوامی نمائندوں بلکہ ملک بھر کی خواتین کی توہین کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی فوری طور پر ایسے میئر کو برطرف کرے جو خواتین کے احترام کے لائق نہیں۔
عہدے کے وقار کو کیا مجروح
انکوش نارنگ نے کہا کہ میئر کی جانب سے استعمال کیے گئے الفاظ اس عہدے کے وقار کے منافی ہیں۔ یہ صرف زبان کی لغزش نہیں بلکہ خواتین کے احترام پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میئر نے ایسا کچھ نہیں کہا تو پھر معافی کس بات کی مانگی گئی؟ ایسے متضاد بیانات بی جے پی کی سوچ کو ظاہر کرتے ہیں۔
بی جے پی کی ذہنیت خواتین مخالف
ایم سی ڈی کے شریک انچارج پروین کمار نے کہا کہ بی جے پی کی ذہنیت خواتین مخالف ہے اور وہ بار بار خواتین کو نیچا دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو ’’بھیڑ بکریاں‘‘ کہا جاتا ہے تو پھر بی جے پی کو چاہیے کہ اصل بھیڑ بکریوں کو ہی ٹکٹ دے کر منتخب کروائے۔
احتجاج میں بھیڑ بکریاں بھی شامل
ایم سی ڈی کی شریک انچارج پریتی ڈوگرا، جو احتجاج کے دوران ایک بھیڑ کے ساتھ پہنچی تھیں، نے کہا کہ یہ ایک علامتی تحفہ ہے تاکہ میئر کو یہ احساس دلایا جا سکے کہ اگر ان کی نظر میں خواتین نمائندے بھیڑ بکریاں ہیں تو پھر اصل بھیڑ بکریوں کو بھی سیاست میں شامل کر لینا چاہیے۔
خواتین کی توہین ناقابلِ قبول
وارڈ نمبر 112 سے منتخب کونسلر اور ویسٹ زون کی چیئرپرسن نرملا کماری نے بھی میئر کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ منتخب خواتین نمائندوں کی اس طرح توہین ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور اس عہدے پر رہتے ہوئے ایسی زبان کا استعمال پورے معاشرے کی توہین کے مترادف ہے۔
احتجاج میں مزید شدت لانے کا انتباہ
عام آدمی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر میئر سے استعفیٰ نہیں لیا گیا تو احتجاج مزید تیز کیا جائے گا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ دہلی کی خواتین اپنے احترام کے لیے سڑکوں پر اتریں گی اور عام آدمی پارٹی ان کے وقار، انصاف اور عزت کے لیے پوری قوت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔