آندھراپردیش میں نئے راشن کارڈ کا انتظار کرنے والے مستحقین کےلئے اچھی خبر ہے۔ حکومت نے جدید ترین خصوصیات والے راشن کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔آندھرا پردیش کے سیول سپلائیز وزیر نادینڈلا منوہر نے نئے راشن کارڈوں پر اہم اعلان کیا ہے۔ سول سپلائیز کے وزیر نادینڈلا منوہر نے اعلان کیا کہ اے پی میں جلد ہی نئے راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ والے ڈیجیٹل راشن کارڈ ہوں گے۔
اگست 25سے نئے راشن کارڈ
انہوں نے کہا کہ 25 اگست سے ایک ہفتے کے لئے نئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈوں پر سیاسی قائدین کی تصویر نہیں ہوگی۔ وزیر منوہر نے انکشاف کیا کہ نئے راشن کارڈ ڈیبٹ کارڈ کی طرح ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو ایک ڈائنامک کی رجسٹر کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر میں ہر لین دین کا پتہ چل جائے گا۔
بزرگوں کو کےوائی سی کی ضرورت نہیں
وزیر نادینڈلا نے انکشاف کیا کہ پانچ سال سے کم اور 80 سال سے زیادہ عمر والوں کے لیے ای کےوائی سی، کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن ہر مہینے کی یکم سے 15 تاریخ تک تقسیم کیا جائے گا۔ وزیر نادینڈلا منوہر نے کہا کہ راشن 25 سے 30 تاریخ تک بزرگوں کے دروازے پر پہنچایا جا رہا ہے۔ منوہر نے کہا کہ راشن کارڈ کے لیے 16 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 15.32 لاکھ درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے۔ 9.87 لاکھ لوگوں کو اپنے نام درج کرانے کا موقع دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ جملہ تعداد 45 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر نے کہا کہ اراکین کی تعداد 4 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزیر نے کہا کہ ای کے وائی سی سسٹم کو ریاست میں لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ راشن کارڈ میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 لاکھ 47 ہزار لوگوں کو ،ای ۔کے وائی سی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ میں تبدیلیوں اور اضافے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پائلٹ پروجیکٹ کے حصہ کے طور پر ضلع کرشنا میں 4200 لوگوں کو گیس سلنڈر کی رقم ڈیجیٹل بٹوے میں جمع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم گیس کی پوری سبسڈی 86 ہزار ایسے افراد کو جمع نہیں کروائی جاسکی جن کے اکاؤنٹس درست نہیں ہیں اور وہ براہ راست سیکریٹریٹ کے عملے کے ذریعے جمع کرائے جائیں گے۔