• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آندھرا پردیش میں ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کے فروغ کے لیے نئی حکمتِ عملی، ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کا ہدف

آندھرا پردیش میں ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کے فروغ کے لیے نئی حکمتِ عملی، ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کا ہدف

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 23, 2025 IST     

image
 آندھرا پردیش حکومت نے ریاست میں ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی اور جامع حکمتِ عملی پر عملی کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز ریاستی سیکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس پالیسی 4.0 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
 
اس موقع پر وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے حکام کو ہدایت دی کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران اس پالیسی کے تحت  ایک لاکھ  کروڑ سے لے کر ایک لاکھ کروڑ روپے تک کی سرمایہ کاری آندھرا پردیش میں راغب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو جدید ٹیکنالوجی، سائنسی ایجادات اور اختراعات کا مرکز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آندھرا پردیش نہ صرف دفاعی شعبے میں بلکہ تجارتی اور صنعتی میدان میں بھی پورے ملک کی قیادت کر سکے۔
 
وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ نئی ٹیکنالوجیز اور ایجادات کا دائرہ صرف دفاعی مقاصد تک محدود نہ رہے، بلکہ انہیں روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی مصنوعات کی تیاری میں بھی بروئے کار لایا جائے۔ اس سے ریاست میں مقامی صنعت کو فروغ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔
 
اجلاس میں ایرو اسپیس اور دفاعی امور کے مشیر ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی اور ایرو اسپیس و ڈیفنس شعبے کی ترقی کے لیے اہم تجاویز اور منصوبے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں اس شعبے کی ترقی کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے، تربیت یافتہ افرادی قوت اور قدرتی وسائل کی بھرپور گنجائش موجود ہے، جسے مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔
 
ریاستی حکومت کی اس نئی حکمتِ عملی کے تحت نہ صرف دفاعی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ ریاست میں ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پارکس، ریسرچ سینٹرز اور مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام کی بھی راہ ہموار ہو گی۔ اس پالیسی سے ہزاروں نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے اور آندھرا پردیش کو ملک کے ایک بڑے صنعتی و دفاعی مرکز میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔